نیشنل ایکشن پلان سے جرائم میں کمی آئی: آئی جی
لاہور( سٹاف رپورٹر+ آن لائن )آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی نوگو ایریاز نہیں، پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مکمل طور پر سرگرم ہے۔ سینئر ایڈیٹرز اور صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے طبقے میں شدت پسندی میں اضافہ جبکہ مدارس سے فارغ التحصیل طلبہ میں شدت پسندی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور موت کی سزا کی بحالی کے بعد سے جرائم میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار اسے جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ،ٹیکنالوجی اور کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ایسا20سال پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ نئے نظام میں ایف آئی آر کے مندرجات کی تصدیق اور اندراج کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مجرموں کی ڈیٹا بیس کو بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے اور جلد ہی آٹھ لاکھ سے زیادہ فنگر پرنٹس کو کمپیوٹرمیں محفوظ کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے کئی نیٹ ورک توڑے ، پنجاب پولیس نے سال 2015ء میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا 38 ہزار سے زائد سرچ آپریشن کئے سائونڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی پر ہزاروں افراد گرفتار کئے جبکہ کرائے داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی بھرپور کارروائیاں کیں، بہترین کارکردگی اور سخت سکیورٹی کی وجہ سے قتل، چوری وڈیکتی، اغواء برائے تاون ودیگر وارداتوں میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی جبکہ دہشت گردی کے واقعات بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوئے، محدود وسائل کے باوجود پنجاب پولیس بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی۔