اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں ترامیم پر پی ٹی آئی اور متحدہ کا عدم اتفاق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے داخلہ و انسداد منشیات کے اجلاس میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی مخالفت پر وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کر دہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ( ترمیمی) آرڈیننس 2015ء اتفاق رائے پیدا نہ ہونے پر مجلس قائمہ کے چیئرمین رانا شمیم احمد خان نے تمام ارکان مجلس قائمہ کوآرڈیننس پر اعتماد میں لینے کیلئے اجلاس فروری کے آواخر تک ملتوی کردیا۔جمعہ کو مجلس قائمہ کا اجلاس چیئر مین رانا شمیم احمد خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں مجلس قائمہ کے ارکان ، وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کے حکام ،چیف کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں مہمند ایجنسی شہدا کے لئے فاتحہ بھی کی گئی ، اجلاس میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ (ترمیمی )آرڈیننس 2018پر وزارت داخلہ کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس لانے کا مقصد اسلام آباد میں میئر کی غیر موجودگی میں 3ڈپٹی میئر ز کو اختیارات میئر کے اختیارات حاصل ہوں گے، اجلاس میں تحریک انصاف کے رکن کمیٹی ڈاکٹر عارف علوی نے آرڈیننس کی مخالفت کی اور کہا کہ ابھی تک آرڈیننس میں ڈپٹی مئیر کے عہدے کی وضاحت نہیں کی گئی ،بل کے بارے میں تحفظات ہیں ،جس پر چیئر مین رانا شمیم احمد خان نے کہا کہ اس بل پر قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث ہو چکی ہے،اس لئے اس کی منظوری دی جائے جس پر عارف علوی نے کہا کہ پھر کمیٹی میں اس بل کو لانے کی کیا ضرورت تھی ،آ ئندہ پھر کمیٹی اپنی مرضی سے بل منظور کروا لیا کرے ،اگر بل پر وضاحت پیش نہیں کی جائے گی تو اس پر بحث کیسے ممکن ہوگی ، مجلس قائمہ میں ویسے ہی حکومتی ارکان کی اکثریت ہے بل تو ویسے ہی منظور کرلیا جائے گا تاہم انہوں نے کہا کہ وہ بل کی مخالفت کرتے ہیں ‘ اس موقع پر ایم کیو ایم نے بھی اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈینینس کی مخالفت کی۔