اقتصادی راہداری‘ فتح جنگ‘ ڈی آئی خان سے گوادر تک روٹ تبدیل کردیا گیا: طلحہ محمود
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاک چین اقتصادی راہداری پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ راہداری کے مغربی روٹ میں ڈیرہ اسماعیل خان سے روڈ نکالنے کے منصوبہ اور فتح جنگ باہتر سے ڈیرہ اسماعیل خان کے راستے بلوچستان گوادر روٹ میں تبدیلی کر دی گئی ہے اب جب کہ حسن ابدال سے ڈیرہ اسماعیل خان کے راستے گوادر کا راستہ بنایا جا رہا ہے مغربی روٹ میں راستے کی تبدیلی سے متعلق وزارت منصوبہ بندی اور وزارت مواصلات کمیٹی کو مطمئن نہیں کر سکی۔ منصوبہ میں اس راستے کی تبدیلی سے 22 کلومیٹر کا اضافی فاصلہ طے کرنا ہو گا۔ جمعہ کو پاک چائنہ اقتصادی راہداری پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مشاہد حسین سید کی صدارت میں ہوا جس میں صوبہ سندھ کے نمائندہ وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے سی پیک سے متعلق تحفظات سے کمیٹی کو آگاہ کیا آئندہ اجلاس میں کمیٹی نے وزارت مواصلات،منصوبہ بندی اور این ایچ اے حکام کو اس معاملے پر وضاحت کے لئے طلب کر لیا گیا ہے سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے کیٹی بندر پر پورٹ کی تعمیر کے حوالے سے بتایا کہ اس پورٹ کی تعمیر سے کوئلے کی نقل و حمل میں آسانی ہوگی ساہیوال میں کوئلہ سے توانائی کے 1320 میگا واٹ کے منصوبہ پر ٹرانسپورٹ کی زیادہ لاگت آئے گی یہ منصوبہ سندھ میں لگایا جائے تو لاگت کم آئے گی‘پنجاب میں لگا کر عوام پر قیمتوں کا بوجھ پڑے گا۔کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے ان کیمرہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کے نمائندہ وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے سی پیک سے متعلق تحفظات اور تجاویز کمیٹی کو دیں۔پورٹ قاسم سے متعلق معاملات پر سیکرٹری وزارت پانی و بجلی یونس ڈھاگہ کی ذمہ داری لگائی ہے۔