گاڑی کی ٹکر سے راہگیر کی ہلاکت شیخ روحیل اصغر کیخلاف عدالتی حکم پر 6 ماہ، 20 روز بعد مقدمہ درج
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ کوہسار پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کیخلاف عدالتی حکم پر ان کی گاڑی کی ٹکر سے راہگیر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔ سائلہ شاہین بی بی سکنہ نور پور شاہاں بری امام نے مقدمہ درج کراتے کہا مدعیہ کا خاوند راز محمد زم کمپنی میں بطور سکیورٹی گارڈ کام کرتا تھا۔ 10 اگست2015 ئ کو شام 6 بجے وہ ڈیوٹی ختم کرکے فٹ پاتھ پر پیدل چلتے گھر واپس آرہا تھا خیبر بینک بلیو ایریا کے قریب پہنچا تو پیچھے سے آنیوالی کرولا کار نمبر GAA-124 جسے شیخ روحیل اصغر چلا رہا تھا اور وہ نشے میں دھت معلوم ہوتا تھا نے تیزرفتاری اور غفلت سے گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا دی اور سائلہ کے خاوند کو کچل ڈالا جو سخت مضروب ہوا جسے لوگوں نے ہسپتال پہنچایا اور شیخ روحیل اصغر حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اسی رات تقریباً 10 بجے مدعیہ کا خاوند فوت ہوگیا۔مدعیہ نے کہا شیخ روحیل اصغر کی اس غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے سائلہ کے بچے یتیم ہوگئے اور غربت و افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکے ہیں سائلہ نے کئی بار کوشش کی لیکن مقدمہ درج نہ ہوا۔ ایڈیشنل سیشن جج نے تھانہ کوہسار کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جس پر پولیس نے ہفتہ کے روز 6 ماہ 20 روز بعد ایف آئی آر نمبر71 درج کرلی جس میں ضابطہ فوجداری کی دفعات 279 اور 320 شامل کی گئی ہیں۔
حادثہ/ مقدمہ