• news

پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے لئے پاکستان جا سکتے ہیں: آندرے رسل ڈیرن سیمی

دبئی (نمائندہ سپورٹس ) ویسٹ انڈین آل رائونڈراور اسلام یونائٹیڈ کے آندرے رسل نے کہا ہے کہ پاکستان جانے کو دل چاہتا ہے مگر وہاں سفر کرنے سے ڈر لگتا ہے ۔ پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں میڈیا سے ہی معلومات حاصل کی ہیں ۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں میچز پاکستان میں ہوتے ہیں تو جائوں گا۔ کچھ وجوہات ہیں جن پر غور کرنا ہوگا۔ایسے ہی ہے جیسے عراق جائیں تو وہاں بہت سے مقامات خوبصورت ہیں ‘پاکستان میں بھی بہت سے مقامات خوبصورت ہیں ‘وہاں کے لوگ خوبصورت ہیں مگر ان کے اطراف میں جو کچھ ہے اس سے ڈر لگتا ہے۔اگر مجھے کرکٹ کھیلنے کیلئے پاکستان جانا پڑا تو ضرور جائوں گا۔مجھے کسی کی فکر نہیں ہے۔میں جمیکا سے ہوں ‘وہاں کی گلیوں میں جرائم ہوتے ہیں ‘وہاں بھی لوگوں کو گولی ماری جاتی ہے ‘میں کہتاہوں ایسا نہیں ہونا چاہئے‘یہ ویسی ہی صورتحال ہے ‘ارادہ کرلیا تو پھر فکر کیسی۔پاکستان میں پہلے بھی 2005ء کھیل چکاہوں اور وہاں پر بڑی خوشگوار یادیں ہیں ۔اگر انٹر نیشنل کھلاڑیوں کو بہترین سکیورٹی دی جاتی ہے تو بہت اچھا ہوگا‘سکیورٹی سب سے پہلے ہونی چاہیے۔مجھے کرکٹ سے پیا رہے اور یہ دنیا بھر میں کھیلی جاتی ہے۔وہاں جانا اچھا لگے گا کیونکہ پاکستانی ٹیم نے کافی عرصہ سے ہوم گرائونڈ کا فائدہ نہیں اٹھایا ہے۔ہماری حفاظت کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے سکیورٹی بہتر ہو۔آل رائونڈر ڈیرن سیمی نے کہا کہ اس بات پر افسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی شائقین انٹر نیشنل کرکٹ گھر میں نہیں دیکھ سکتے ۔پاکستان جانے کا فیصلہ ہمارا نہیںہوتا یہ حکومت کرتی ہے۔پاکستانی شائقین کو انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم نہ رکھا جائے ۔ہم اپنے ملک کے شائقین کے سامنے کھیلتے ہیں تو پاکستانیوں کو بھی حق ملنا چاہیے۔امید ہے کہ صورتحال جلد تبدیل ہوگی اور مسائل کو حل کر لیا جائے گااور پاکستان میں بھی انٹر نیشنل کرکٹ ہوگی ۔

ای پیپر-دی نیشن