چیئرمین پی سی بی اب بھی پاکستان بھارت سیریز کے لئے پرامید
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے بھارت نہ جانے سے تھوڑا بہت نقصان ہو گا لیکن وہاں جانے یا نہ جانے سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت کریگی ،پاک بھارت سیریز کی امید ختم نہیں ہوئی ،پی ایس ایل کے اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں اورآئندہ سال کچھ میچز پاکستان میں بھی ہونگے۔ لٹریری فیسٹیول میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان سپر لیگ پوری طرح سے کامیاب ہوئی ہے اوراس نے بہترین نتائج حاصل کئے ہیں۔ پی ایس ایل میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بھرپور موقع ملا ہے اور آئندہ سال کچھ میچز پاکستان میں بھی کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی لیگ کا حصہ بننا چاہیے لیکن بھارت میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کے کھلاڑی پاکستان یا پاکستانی کرکٹرز بھارت جائیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر حکومت نے بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کی اجازت دی تو جائیں گے بصورت دیگر نہ جانے کا فیصلہ ہی کیا جائے گا۔انہوں نے ٹی ٹونٹی کے میگا ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں ہونے والے نقصان بارے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں شریک نہ ہوا تو کھلاڑی بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیلنے سے سے محروم رہیں گے اور تھوڑا بہت دوسرا نقصان بھی ہوگا تاہمحتمی فیصلہ حکومت کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ سمیت فاٹا اور آزاد کشمیر میں کرکٹ اکیڈمیز قائم کریں گے۔