• news

بلوچستان کے حالات کی خرابی میں ملوث نہیں‘ سرحد پر مشترکہ فوجی آپریشن ہونا چاہیے : افغان سفیر

اسلام آباد (آن لائن+این این آئی) پاکستان میں تعینات افغانستان کے نئے سفیر ڈاکٹر حضر عمر زاخیلوال نے کہا ہے کہ داعش افغانستان میں جگہ بنانے میں ناکام ہو چکی۔ پاک افغان سرحد کے اطراف مشترکہ فوجی آپریشن ہونا چاہئے۔ ایک انٹرویو میں افغانی سفیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان ا یک دوسرے کے خلاف بیان بازی کے باعث عدم استحکام کی فضا قائم رہی۔ لیکن دونوں اطراف سے حالیہ اعتماد سازی کے اقدامات میں خصوصاً اشرف غنی‘ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف راحیل شریف نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بحالی اور تعمیر نو کیلئے امن پہلی شرط ہے۔ پاکستان چین اور افغانستان کی معاشی ترقی اور تجارتی روابط میں پر امن افغانستان کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان بلوچستان کے حالات کی خرابی میں ہر گز ملوث نہیں ہے۔ افغانستان کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ افغان حکومت نے سابق جہادی رہنما پیر سید احمد گیلانی کو طالبان اور دیگر مزاحمتی گروہوں سے مذاکرات کےلئے قائم امن کونسل کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کہا طالبان کے ساتھ مذاکرات کےلئے سفارتی کوششیں تیز کی گئی ہیں تو افغان حکومت نے ان کوششوں کو موثر بنانے کےلئے امن کونسل میں نئی تقرریاں کی ہیں۔ افغان سفیر نے کہاکہ یہ تقرریاں کافی مشوروں کے بعد کی گئی ہیں۔ جن لوگوں کو نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں ان کا افغانستان میں ایک اہم کر دار رہا ہے اوروہ موثر طریقے سے امن کےلئے کام کر سکتے ہیں۔ سابق صدر حامد کرزئی نے اپنے دور حکومت میں امن کونسل قائم کیا تھا تاہم افغان میڈیا کے مطابق کونسل نے اس وقت تک امن مذاکرات کے سلسلے میں کوئی خاطر خواہ کر دارادا نہیں کیا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق امن کونسل میں دیگر تقرریاں بھی کی گئی ہیں جس میں پہلی مرتبہ ایک خاتون رکن حبیبہ سورابی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عطاءاللہ سلیم، مولوی خبیر، حاجی دین محمد اور مولوی خدام کو کونسل کے نائبین مقرر کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے ترجمان جاوید فیصل نے افغان میڈیا کو بتایا کہ محمد ایوب رفیقی کوکونسل کے دفتر کا انچارج مقرر کیا گیا جبکہ فاروق بشر، فرحد اللہ فرحاد ان کے نائبین ہوں گے۔
مقرر



ای پیپر-دی نیشن