• news

اورنج لائن ٹرین روٹ پر کوئی تاریخی مقام متاثر نہیں ہو گا‘ منصوبوں میں شفافیت کو فروغ دیا : شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ورلڈ ہیرٹیج سنٹر، یونیسکو کی پروگرام سپیشلسٹ جونہائی ہین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے روٹ پر تاریخی مقامات کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے یونیسکو کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت کا اورنج لائن میٹروٹرین کامنصوبہ عام آدمی کو بہترین، جدید اور آرام دہ سفری سہولتیں فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی اقدام ہے اور یہ منصوبہ شہریوں کو عالمی معیار کی آرام دہ اور جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے شروع کیاگیا ہے کیونکہ لاہور نہ صرف ایک تاریخی شہر ہے بلکہ اس کی آبادی ایک کروڑ نفوس پر مشتمل ہے لہٰذا بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر شہریوں کو معیاری اور آرام دہ پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام شہر کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے پنجاب حکومت جہاں تعلیم اورصحت کے ساتھ دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کررہی ہے وہاں ٹرانسپورٹ کے جدید اور پائیدار نظام پر بھی پوری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت نے لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ کا کامیاب آغازکیا جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی میٹروبس سروس چل چکی ہے جس پر روزانہ لاکھوں افراد بروقت اپنی منزل مقصود تک پہنچتے ہیں اور نہ صرف ایندھن بلکہ وقت کی بھی بچت ہورہی ہے۔ اسی طرح ملتان میں بھی میٹروبس پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اوریہ منصوبہ آئندہ چند ماہ میں مکمل ہوجائیگا۔ انہوںنے کہا دھوا ںدینے والی گاڑیوں میںسفر کرنا عام آدمی کا مقدر نہیںاور لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی عام آدمی کیلئے بنایا جارہا ہے جس سے وہ نہ صرف باوقار اور باعزت انداز سے سفر کرسکے گا بلکہ شہر لاہور کو ایک نئی شناخت ملے گی۔ انہوں نے کہا منصوبے کے روٹ پرکوئی تاریخی مقام متاثر نہیں ہوگا۔ تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا گیا ہے اور تاریخی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا میٹرو ریل پر روزانہ لاکھوں افراد سفر کریں گے۔ ورلڈ ہیرٹیج سنٹر، یونیسکو کی پروگرام سپیشلسٹ جونہائی ہین نے اس موقع پر کہا پنجاب حکومت کے اعلی حکام کے ساتھ انتہائی مثبت ملاقاتیں ہوئی ہیںاور پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ جاری رکھیں گے اورہم پنجاب حکومت کے ساتھ ایک صفحے پر ہیں۔ وفد میں سرامک ماہر، کنزویشنسٹ الینا ایگنینی بھی شامل تھیں۔ مزید برآں شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) کی سیاست کانصب العین عوام کی بے لوث خدمت اور محروم طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانا ہے۔ یہی وجہ ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیزرفتاری اور شفافیت سے مکمل کررہی ہے اور وسائل کا رخ غریب اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ترقی کی متوازن پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں اربوں روپے کی لاگت کے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں جس سے کروڑوں عوام مستفید ہورہے ہیں۔ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور قومی وسائل عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی جیبیں بھریں۔ اسی طرح دور آمریت میں ترقیاتی سکیموں کے نام پر کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم رہا جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوںمیں شفافیت اور اعلیٰ معیار کے رحجان کو فروغ دیا ہے اور اربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر نئی مثال قائم کی ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے توانائی کے منصوبوں پر شبانہ روز کام ہورہا ہے۔ ملک سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کرکے اسے امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اپنی نسلوں کو پرامن اور محفوظ پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلا جواز تنقید کرنے والے عوام کی ترقی نہیں چاہتے اور اپنے دور حکومت میں عوام کو نظر انداز کرنے والوں کو اب عوامی فلاح کے منصوبوں پر تکلیف ہو رہی ہے۔ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے مخالفین عوامی خدمت کی مخالفت کرتے رہیں، ہم عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیںگے اورآئندہ اڑھائی برس کے دوران عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریںگے۔

ای پیپر-دی نیشن