• news

ایشیا کپ ٹی ٹونٹی سے پہلے ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلی کا امکان مسترد

لاہور(چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم مینجمنٹ میں کسی بڑی تبدیلی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ برطانوی شہریت رکھنے والے سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے ساتھ بطور باولنگ کوچ جائیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بلے ویون رچرڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے ساتھ بطور مینٹور جائیں گے تاکہ میگا ایونٹ میں شریک قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر میچ کی صورتحال کے مطابق تیار کر سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے قومی ٹیم کے ساتھ بطور باولنگ کوچ خدمات انجام دینے والے سپن باولر مشتاق احمد کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ان کی جگہ اظہر محمود پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے جوائن کر لینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے کوچنگ سٹاف کے کنٹریکٹ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو رہے ہیں جنہیں رواں سال انگلینڈ کے دورہ تک توسیع دیدی گئی ہے۔ دوسری جانب بھارت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا عروج پر ہے تاکہ پاکستان ٹیم کو ذہنی طور پر انڈر پریشر کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن