تمام کھلاڑی پرعزم ، گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ جیتنے کے لئے تیار ہیں: معین خان
دبئی (نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ نے کہا ہے کہ مجھے سب کچھ کرکٹ نے دیا ہے ۔آج میں جو کچھ ہوں وہ کرکٹ کی بدولت ہی ہوں ۔میں نے کھلاڑی کی حیثیت سے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کی اور اب بطور کوچ بھی اچھے طریقے سے ذمہ داری نبھا رہاہوں ۔آخری سانس تک کرکٹ سے ہی وابستہ رہوں گا۔کرکٹ کے کسی بھی سیٹ اپ کا حصہ بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔کرکٹ کیلئے کچھ نہ کچھ کرتا رہوں گا‘پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ کا حصہ ہوں یا کسی اور جگہ کرکٹ سب کچھ ہوگی کیونکی یہ میرے خون میں رچی بسی ہے۔پاکستان سپر لیگ کے آغاز پر کسی نے بھی کوئٹہ ٹیم کی حمایت نہیں کی تھی ۔یہ لیگ کی سب سے سستی ٹیم تھی۔میڈیا نے جب کوئٹہ ٹیم کو کمزور قرار دیاتو مجھے حیرانگی ہوئی تھی۔ہمیں غیر ملکی اچھے کھلاڑی ملے اور بہتر منصوبہ بندی کی جس کی وجہ سے اچھے نتائج ملے۔سرفراز احمد کی کپتانی میں مقامی کھلاڑیوں نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔سر ویویون رچرڈ زنے ڈریسنگ روم میں کمال کا ماحول پیدا کر دیا ہے ۔کپتان اور تمام کھلاڑی کوچنگ سٹاف کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں ۔ہماری ٹیم نے 200رنز کا ہدف حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ 133رنز کا دفاع بھی کیا ہے۔ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں اور کم وقت میں بہت عمدہ تیاری کی ہے۔سر ویوین رچرڈ ز نے نوجوان کھلاڑیوں کو وننگ کمبی نیشن میں ڈھال دیا ہے۔نوجوان کھلاڑیوں کا سر ویوین رچرڈز کے ساتھ رہنے کا خواب پورا ہو گیا ہے۔تمام کھلاڑی پرعزم ہیں اور فائنل جیتنے کیلئے تیار ہیں ۔پی ایس ایل کی کامیابی کا تمام سہرا پاکستان کرکٹ بورڈ کو جاتا ہے۔میں مقامی کھلاڑی بسم اللہ خان کو خود چنا تھا کیونکہ اسے کھیلتے ہوئے دیکھا تھا جس کے بعد فیصلہ کیاتھا۔مستقبل میں ہم کوئٹہ سے کئی بسم اللہ جیسے کھلاڑی پیدا کریں گے۔