نیب کے پر کاٹنے کی کوشش حکمرانوں کے گلے پڑ سکتی ہے: شیخ رشید
لاہور (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیلنج کرتا ہوں کہ موجودہ دور حکومت میں سفارتخانوں اور قومی اداروں کے سربراہوں کی ایک بھی تعیناتی میرٹ پر نہیں ہوئی، اسلام آباد سے منتخب ہونے والا میئر مقامی رہائشی ہی نہیں اسے صرف جاتی امراء اور مری میں حکمرانوں کی رہائشگاہوں کی کنسٹرکش کی ذمہ داری کی وجہ سے نوازا گیا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) اندر سے ملے ہوئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کی زبان بولتے ہیں۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اراکین اسمبلی اور وزراء میں سے چند ایک کے سوا باقی لوگوںکو کچھ نہیں سمجھتی۔ اسی لئے مسلم لیگ (ن) کے اپنے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ نیب کی کارروائی آگے بڑھے تاکہ قیادت کو نظر انداز کئے ہوئے لوگوں کی بھی اہمیت محسوس ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بیرون ملک سفارتخانوں اور قومی اداروں کے سربراہوں کی ایک بھی تعیناتی میرٹ پر نہیں ہوئی۔ اگر موجودہ حکمرانوںکے منصوبوں میں اتنی ہی ’’ شفافیت ‘‘ ہے تو انہیں کس بات کا خوف ہے انہیں تو اپنے دعووں کے مطابق خود نیب کو جانچ پڑتا ل کی دعوت دینی چاہیے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نیب کے پر کاٹنے کی کوشش حکمرانوں کے اپنے گلے بھی پڑ سکتی ہے۔