بلاول والد کو پارٹی سے الگ‘ والدہ‘ نانا کی میراث لیکر چلنے کا اعلان کریں: ناہید خان
لاہور (اے این این) پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما ناہید خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کر پشن میں ملوث نہیں تو باہر کیوں بیٹھے ہیں؟ وطن واپس آکر پارٹی میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کریں، ملک کے تمام اداروں میں جہاں جہاں بھی کرپٹ عناصر ہیں ان کو سخت سزا دی جائے، بی بی کو قتل کروا کر ظلم کیا گیا اس گھناؤنے جرم کا عوام کو ایک نہ ایک دن ضرور پتہ چل جائے گا، بلاول بھٹو اپنے والد کو پارٹی سے الگ کرکے نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لے کر چلنے کا اعلان کریں تو دیکھیں پارٹی کا گراف کس طرح اوپر جا تا ہے، جیالے پارٹی کو دوبارہ زندہ کر دیںگے۔ گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پر قابض قیادت نے پارٹی کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کر سکے ملک کی سب سے بڑی پارٹی صرف ایک صوبے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ہم پارٹی کو بھٹو اور بی بی شہید کی سوچ اور نظریے کے مطابق چلانے کیلئے قابض مافیا سے جنگ جاری رکھیں گے۔ زرداری کا پارٹی پر قبضہ ختم کروائیں گے جمہوریت کی خاطر لڑتے لڑتے جان دینے والی بی بی شہید کو جمہوریت بھی انصاف نہیں دے سکی جیالے ہی محترمہ شہید کے قتل کا حساب لیں گے۔ بلاول بی بی کا بیٹا ہے ہمیں اس پر اعتماد ہے، بلاول کو اپنی ماں کے قاتل ڈھونڈنا ہوں گے۔