• news

جی ایس پی درجہ ملنے کے باوجود پاکستان کو 62 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ

اسلام آباد (آئی این پی) حکومت کی جانب سے عالمی مارکیٹ میں جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد تجارت میں اضافے کے نعرے بے بنیاد ثابت ہوئے، وزارت تجارت مسلسل تجارتی خسارے کو روکنے میں ناکام ہوگئی۔ گزشتہ تین سالوں میں پاکستان کو 62.61ارب امریکی ڈالر (6ہزار 636ارب روپے) کا تجارتی خسارہ ہوا۔ پاکستان کو مالی سال 2014-15ء میں سب سے زیادہ 22.16 ارب امریکی ڈالر (2354ارب روپے) کا تجارتی خسارہ ہوا۔ وزارت تجارت کی دستاویزات کے مطابق 2012-13ء میں پاکستان نے 24.46 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ اسی سال پاکستان نے 44.95 ارب امریکی ڈالر کی درآمدات کیں جس سے پاکستان کو مالی سال 2012-13ء میں 20.49 ارب امریکی ڈالر (2171ارب روپے) تجارتی خسارہ ہوا۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2013-14میں پاکستان نے 25.11 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ اسی سال پاکستان نے 45.07 ارب امریکی ڈالر کی درآمدات کیں۔ جس سے پاکستان کو مالی سال 2013-14ء میں 19.96ارب امریکی ڈالر (2115ارب روپے) تجارتی خسارہ ہوا۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2014-15ء میں پاکستان نے 23.67 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ اسی سال پاکستان نے 45.83ارب امریکی ڈالر کی درآمدات کیں جس سے پاکستان کو مالی سال 2014-15ء میں 22.21 ارب امریکی ڈالر (2354ارب روپے) تجارتی خسارہ ہوا۔ مجموعی طور پر گزشتہ تین سالوں میں پاکستان کو 62.61ارب امریکی ڈالر کا (6ہزار 636ارب روپے)کا تجارتی خسارہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن