کیا احتساب عدالتیں بنانے کا یہ مقصد تھا ملزم جیل میں سڑتے رہیں:چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں سابق آئی جی کے پی کے ملک نوید کی اسلحہ خریداری میں مبینہ کرپشن سے متعلق نیب رنفرنس کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت میں عدالت نے احتساب عدالت کو حکم دیا ہے کہ سابق آئی جی کیخلاف زیر سماعت مقدمہ آئندہ سماعت سے قبل نمٹاتے ہوئے رپورٹ 17 مارچ کو پیش کرے۔ نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سابق آئی جی نوید ملک پر غیر معیاری اسلحہ خریداری کا الزام ہے ، ملک نوید کیخلاف احتساب عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے، عدالت ایک ماہ کا مزید وقت فراہم کرے۔ ملک نوید کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کیخلاف اڑھائی سال سے احتساب عدالت میں مقدمہ زیرسماعت ہے، اسلحہ چین سے خریدا گیا، جی ایچ کیو نے بھی اسلحہ کے معیار کی تصدیق کی تھی، انتظامی کمیٹی نے مبینہ ملی بھگت سے نیب کو کیس بھیج دیا۔ چیف جسٹس نے نیب حکام کی شدید سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا احتساب خصوصی عدالتیں بنانے کا مقصد تھا کہ ملزم جیل پڑے سڑتے رہیں؟۔