ایف آئی اے نے کلین چٹ دی، نیب کو پگڑی اچھالنے کا اختیار نہیں ہونا چاہئے: رانا مشہود
لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر تعلیم و سپورٹس پنجاب رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ ایک جھوٹی خبر کو بنیاد بنا کر ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے، نیب کو کسی کی پگڑی اچھالنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔ اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اس کا احتساب ہونا چاہیے مجھ پر لگائے گئے الزامات اگر ثابت نہ ہوئے تو اس کا حساب کون دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ ایف آئی اے نے انکوائری کر کے مجھے کلین چٹ دی۔ الزام لگانے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ ثبوت کے بغیرالزام تراشی سے نجی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ نیب کے قانون میں بھی ٹائم فریم کی بات کی گئی ہے۔ یو تھ فیسٹیول میں کرپشن کے نام پر مجھے بدنام کیا جا رہا ہے۔ یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کی آواز ہے۔ حالات بہتر ہونے کے باعث سرمایہ کارپاکستان آرہے ہیں مگر ایسے الزامات سے لوگ یہاں سے بھاگیں گے۔ کرپشن کے خلاف جنگ اور احتساب ہونا چاہئے۔ ہمارے درست اقدامات کے باعث ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مثبت رپورٹ دی۔ ہم جمہوری لوگ ہیں اورجمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ میرا ماضی اور میرا حال سب کے سامنے ہے اور پہلے بھی کہا اور آج بھی کہہ رہا ہوں کہ میرا دامن صاف ہے۔