خوفزدہ حکمران احتساب کے اداروں پر قدغن لگا رہے ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمران خوفزدہ ہیں اسی لیے تو احتساب کے اداروں کو آزادانہ کام کرنے سے روکنے کے لیے ان پر قدغنیں لگائی جارہی ہیں ، ریکارڈ پر ہے کہ حکمران ٹولے نے ہمیشہ احتساب کے اداروں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی اور ناکامی پر الزامات لگانے شروع کردیئے، جب بھی اس ٹولے کے کسی فرد کے گرد احتساب کا گھیرا تنگ ہوتا ہے اسے بچانے کیلئے وہ میدان میں کود پڑتے ہیں۔ احتساب کے اداروں کو آزادی سے کام کرنے کا موقع ملتا تو کرپشن آج آسمان سے باتیں نہ کر رہی ہوتی۔ نیب کواربوں روپے ڈکارنے والوں سے چند کروڑ لیکر چھوڑنے کا اختیار کس نے دیا۔ آج کوئی بھی ادارہ کرپشن سے پاک نہیں۔ نیب جہاں ہاتھ ڈالتا ہے اربوں کی کرپشن سامنے آتی ہے جس کی وجہ سے ہر ادارہ بری طرح ناکامی سے دوچار ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے قوم کو کرپٹ اور بدیانت حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکالنا ہو گا۔ نیب بتائے کہ اسے مجرموں سے بارگیننگ کرکے ملک وقوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا اختیار کس نے دیا ہے۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان کی تحریک ملک کے تحفظ اور سلامتی کی تحریک ہے جس میں تما م شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں اور سیاسی و دینی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کے مسائل کا حل نظام مصطفے میں ہے اور ملکی اقتدار پر قابض کرپٹ اشرافیہ ملک میں اسلامی نظام کے راستہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ سراج الحق نے پلڈاٹ کے سروے میں جماعت اسلامی کو ملک کی سب سے زیادہ جمہوری جماعت قرار دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر جمہوری پارٹیاں محض خاندانی پراپرٹیاں بن کر رہ گئی ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سراج الحق جماعت کی مرکزی قیادت کے ہمراہ آج 23 فروری کو ’’کرپشن فری پاکستان تحریک‘‘ کے حوالے سے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔