لاہور ہائیکورٹ : ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف درخواست سماعت کے لئے منظور
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ادویہ ساز کمپنیوں نے کینسر، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر موذی بیماریوں کے علاوہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کسی فارمولے کے بغیر از خود اضافہ کر رکھا ہے ۔ ادویہ کی قیمتوں کے تعین کے لئے حکومت کی طرف سے کوئی فارمولا نہیں ہے جس کی وجہ سے ہزاروں مریض مہنگی ادویات خریدنے کی سکت نہیں رکھتے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ادویہ ساز اداروں کو قیمتوں کے تعین سے متعلق قانون کے دائرے میں لانے کے لئے حکومت کو موثر قانون سازی کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ از خود قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں کے خلاف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا۔