• news

پٹھانکوٹ حملہ کی ایف آئی آر بھارت کو خیرسگالی کا پیغام ہے: رحمن ملک

اسلام آباد (نیشن رپورٹ) سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پٹھانکوٹ ایئربیس پر حملے کی ایف آئی آر درج کرنا پاکستان کی جانب سے بھارت کیلئے ایک سفارتی اور خیرسگالی کا اشارہ ہے۔ واضح رہے جمعہ کے روز سی ٹی ڈی نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ رحمن ملک نے کہا انٹرپول چارٹر کے مطابق ایف آئی آر کی قانونی پوزیشن پر کئی سوالات ہیں۔ نامعلوم افراد کیخلاف اس مقدمے سے کسی بھی پاکستان کو مشتبہ سمجھا جائے گا۔ یہی اقدام پی پی کی حکومت کی جانب سے کیا جاتا تو اس پر بھرپور تنقید کی جاتی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نواز شریف کو ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے بھارت سے سمجھوتہ ایکسپریس پر حملے کا معاملہ اٹھانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا تاہم اس حوالے سے یہ بات قابل تعریف ہے کہ ایف آئی آر بھارتی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کی جانب سے شیئر کی گئی معلومات کی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے کہا پی پی کے دور میں اجمل قصاب کیخلاف ایف آئی آر انٹرپول کے ذریعے بھارت کی جانب سے متعدد درخواستوں کے بعد درج کرائی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن