حادثہ کے وقت ٹی وی پروگرام میں شریک تھا، لیگی ایم این اے شیخ روحیل اصغر نے اپنے خلاف درج مقدمہ پر تحریری بیان تھانہ میں جمع کرا دیا
اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر پر ابتدائی بیان تحریری طورپر جمع کرادیا۔ تھانہ کوہسار کو دئیے گئے ابتدائی بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ حادثہ کے وقت نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے جبکہ ان کی گاڑی ڈرائیور چلارہا تھا جس کا مدعی مقدمہ سے واقعہ کے حوالے سے بات بھی ہوگئی ہے تاہم بعد ازاں سازشی عناصر کی جانب سے انہیں جان بوجھ کر اس مقدمہ میں الجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ شیخ روحیل اصغر نے پولیس کو دئیے گئے ابتدائی بیان میں پروگرام ریکارڈنگ کی سی ڈی بھی بطور ثبوت جمع کرا دی ہے جس کے بعد پولیس نے کیس کی مزید تفتیش پر کام شروع کردیا ہے۔