• news

سابق چیف جسٹس سیاسی پارٹی کے سربراہ ہیں اس طرح ہر کوئی گاڑی مانگے گا: حکومتی وکیل

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی دینے سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق کی اپیل کی سماعت آج تک ملتوی کر دی ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے ریٹائر ہونے والے ججز کو ایک سال کے لئے گارڈ فراہم کیا جائے گا ، سابق چیف جسٹس اب سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اس طرح ہر کوئی گاڑی مانگے گا۔ سابق چیف جسٹس کے وکیل شیخ احسن الدین نے کہا کہ ہم نے تو زندگی میں کسی کو دکھ نہیں دیا اس لئے ایسی باتوں پر دکھ ہوتا ہے۔ جسٹس نور الحق این قریشی نے کہا کہ شیخ صاحب زندگی دکھوں کا نام ہے۔ شیخ احسن الدین نے وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل کے ناقابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ وفاق کو سنگل بنچ نے سنا نہیں یا کوئی موقع نہیں دیا، انٹرا کورٹ اپیل سیکرٹری کابینہ کے ذریعے دائر کی گئی اور بیان حلفی سیکرٹری داخلہ کا لگایا گیا ہے ، دائر کردہ اپیل میں کہیں اس بات کا ذکر بھی نہیں کہ درخواست دہندہ کو کس نے اتھارٹی دی ، اپیل میں وزارت قانون کا بیان حلفی یا ہدایت کا ذکر تک موجود نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن