• news

بھارتی سازشوں کے باوجود سری لنکا سے طیاروں کی فروخت کا معاہدہ ہو جائیگا: رانا تنویر

لاہور( این این آئی+ آن لائن) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار ، سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے جے ایف تھنڈرکے مقابلے میں بھارت کا تیجاس طیارہ صلاحیت کے اعتبار سے کچھ بھی نہیں، سری لنکا کو جے ایف تھنڈر طیاروں کی فراہمی کیلئے بات چیت جاری ہے اور قوی امید ہے کہ بھارت کی طرف سے اپنے طیارے فروخت کرنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود ہمارا سری لنکا سے معاہدہ طے پا جائے گا ، جن ادوار میں میگا پراجیکٹس بنے ہیں اگر ان میں کرپشن ہوئی ہے تو اسکی تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن نیب کا موجودہ طریق کار ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، چوہدری نثار اپنا کام بخوبی سر انجام دے رہے ہیں ان پر پیپلز پارٹی کی تنقید چور کی داڑھی میں تنکے کے مترادف ہے اسی لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے ہمیشہ چوہدری نثار کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے ، ٹیکنالوجی اور سائنسی تحقیق کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں لیکن ہمیں تحقیق کے حوالے سے بجٹ کی کمی کے مسائل درپیش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ اور اسلاملک فوڈ اینڈ نیوٹریشن کونسل آف امریکہ کے زیر اہتمام انٹر نیشنل کانفرنس آن حلال فوڈ ، فارما سیوٹیکل اینڈ کاسمیٹکس پر کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دفاعی پیداوار میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ بھارت نے پوری سازش کی ہے کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان جے ایف تھنڈر طیاروں کی فراہمی کا معاہدہ نہ ہو سکے ۔ بھارت سری لنکا کو اپنا طیارہ تیجاس فروخت کرنا چاہتا ہے جو صلاحیت کے اعتبار سے جے ایف تھنڈر کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نیب سے ہرگز خوفزدہ نہیں۔ جن پر الزامات ہیں انہیں اپنی صفائی کیلئے کٹہرے میں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے اور اس پر جلد فیصلہ متوقع ہے۔ رانا تنویر حسین نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے حلال خوراک کے تصور پر عملدرآمد ہو رہا ہے پاکستان میں حلال فوڈ کے لئے بل منظور کیا جا چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن