راہداری منصوبہ‘ ہمارے موقف کی تائید پر چین کے مشکور ہیں: مولانا فضل الرحمن
ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خطہ کی جغرافیائی اہمیت کو ہم کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کرنے دیں گے، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے ہمارے اصولی موقف کی حمایت کرنے پر ہم جہاں چین کی حکومت کے مشکور ہیں وہیں وفاقی حکومت کی جانب سے جلد ہی مغربی روٹ شروع کرنے کی یقین دہانیوں کو سراہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف عوامی وفود اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے ضلع امیر محمد شعیب گنگوہی سے گفتگو کے دوران کیا، مولانا فضل الرحمان نے علاقہ کے زمینداروں، منتخب بلدیاتی نمائندوں، جمعیت علمائے اسلام کے عہدیداروں، طلبہ اور سرکاری افسران کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور لوگوں کے مسائل سن کر انکے فوری حل کے احکامات بھی جاری کئے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے لیئے کام کرنا ایک اعزاز ہے اور اس عقیدہ کی خاطر ہم کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔