• news

پٹھانکوٹ واقعہ، بھارت مسعود اظہر کیخلاف ثبوت دے، مزید کارروائی کرینگے: سرتاج عزیز

اسلام آباد / نئی دہلی (صباح نیوز) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے انڈیا ٹوڈے کو دئیے انٹرویو کی مزید تفصیلات کے مطابق انہوں نے انکشاف کیا پٹھانکوٹ ایئر بیس پر حملہ کے بعد بھارت کی جانب سے فراہم کیا جانیوالا موبائل فون نمبر کالعدم جیش محمد گروپ کے بہاولپور ہیڈکوارٹر کا تھا، حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پاکستان کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر ’’منطقی اور مثبت اقدام ‘‘ ہے۔ اسلام آباد نے پٹھانکوٹ حملہ کیس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ سرتاج عزیز نے پاکستان کے موقف کی بھرپور ترجمانی کی۔ مشیر خارجہ نے کہا پاکستان نے پٹھانکوٹ حملہ کیس کو سنجیدگی سے لیا۔ بھارت نے جو ابتدائی معلومات فراہم کیں اس کی بنیاد پر پاکستان نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسعود اظہر کے علاوہ جیش محمد کے دیگر ارکان کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ جیش محمد کے کچھ دفاتر کو بھی سیل کیا جاچکا ہے۔ انکا کہنا تھا جس وقت ثبوت موصول ہوئے اسی لمحے مسعود اظہر کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بھارت پٹھانکوٹ حملے سے متعلق ثبوت فراہم کرے تو ان کیخلاف مزید کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا پاکستان کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) مارچ کے ابتدائی دنوں میں پٹھانکوٹ ائیربیس کا دورہ کر سکتی ہے۔ سرتاج عزیز نے بتایا حملے کے حوالے سے 4 روز قبل پاکستان میں درج کی جانے والی ایف آئی آر پاکستان کی خصوصی تفتیشی ٹیم کو ایک قانونی اجازت فراہم کرتی ہے کہ وہ بھارت جاکر ثبوت اکٹھے کر سکے۔ انھوں نے کہا بھارت نے ایس آئی ٹی کے دورے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ آئندہ ماہ واشنگٹن میں ہونے والی نیوکلیئر سکیورٹی سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی ملاقات کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسکا جواب صرف بھارت کے پاس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن