عزیز بلوچ کے انکشافات ذوالفقارمرزا سے رینجرز کی ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش سیاسی رہنمائوں کی گرفتاریاں متوقع
کراچی (کرائم رپورٹر) رینجرز نے لیاری گینگ وار کے اہم کردار عزیر بلوچ کے انکشافات کی روشنی میں سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو شامل تفتیش کرلیا۔ منگل کو ڈاکٹر ذوالفقار مرزا رینجرز حکام کے سامنے پیش ہونے اور اسکے بعد تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ان کا تفصیلی بیان قلمبند کیا گیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ نے رینجرز کی حراست کے دوران سندھ کے بعض سیاستدانوں کے بھی مجرمانہ سرگرمیوںمیں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے اور انہی انکشافات کی روشنی میں رینجرز نے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزاکو تفتیش کے لئے طلب کیا تھا جبکہ عزیر بلوچ سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر آئندہ چند روز میں سیاسی رہنمائوں سمیت کئی اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ نے رینجرز کی حراست میں کی جانے والی تفتیش کے دوران جن اہم سیاستدانوں کے بارے میں چشم کشا انکشافات کئے تھے۔ واضح رہے کہ ذوالفقار مرزا کئی مرتبہ عزیر بلوچ کی مدد کا برملا اعتراف بھی کرچکے ہیں اور عزیر بلوچ کی گرفتاری کے بعد بھی انہوں نے اسے اپنا بھائی قرار دیا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق رینجرز ذوالفقار مرزا، ثانیہ ناز سمیت 5 اہم رہنمائوں سے تفتیش کرے گی۔ اہم شخصیات سے تفتیش کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سے باضابطہ اجازت لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ذوالفقار مرزا نے تفتیش کے دوران عزیر بلوچ سے تعلقات کی تردید نہیں کی۔