• news

ایف آئی اے سے کوئی ڈر نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ فوج کی حمایت کی: چانڈیو‘ہمیشہ اعتراف کیا جنرل راحیل اچھے کام کررہے ہیں: کائرہ

حیدرآباد، کراچی (نوائے وقت رپورٹ+آن لائن) صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ایف آئی اے سے کوئی ڈر نہیں مگر یہ ادارہ تعصب کی بنیاد پر صوبے میں کارروائیاں کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر نے یہاں سول ہسپتال حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے کبھی بھی مسلم لیگ کو ووٹ نہیں دیا ہے لیکن لوگوں کے ووٹ کا احترام کرتے ہیں جنہوں نے مسلم لیگ کو ووٹ دیکر مرکز میں حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا۔ وفاق کو صوبوں کا خیال رکھنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ فوج کی حمایت کی ہے۔ پیپلزپارٹی بندوق اور تشدد کی سیاست نہیں کرتی، ذوالفقار مرزا نے دشمنی میں آکر پیپلزپارٹی کے خلاف بیان دیئے، پیپلزپارٹی نے کبھی امن کمیٹی کی سرپرستی نہیں کی۔ سندھ وفاق سے جھگڑا نہیں چاہتا۔ سندھ کے حقوق کا بھی خیال رکھا جائے۔ علاوہ ازیں رہنما پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کا بیان زرداری کا اپنا ذاتی نکتہ نظر ہو سکتا ہے، رینجرز نے جب اپنی حدود سے تجاوز کیا تو چیف منسٹر پنجاب نے بھی کہا کہ رینجرز کو جو ذمہ داری سونپی گئی وہ کرے، رینجرز کے حق میں تھے اور ہیں۔ پہلے دن سے اعتراف کر رہے ہیں جنرل راحیل اچھے کام کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن