ایگزم بنک چائنہ نے اورنج ٹرین منصوبے کیلئے قرضہ کی منظوری دیدی سیاسی بونے نا کام ہونگے: شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کے لئے ایگزم بنک آف چائنہ نے قرض کے اجراء کا اعلان کردیا، درخواست گزار کو سننا عدالت کا اختیار ہے، درخواستوں کا قانونی طریقے سے سامنا کریں گے، ایک انٹرویو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایگزم بنک آف چائنہ کی طرف سے قرضے کا ازخود اعلان 18 کروڑ پاکستانیوں کی عزت اور نواز شریف حکومت کی شفافیت پر اظہار اعتماد ہے، انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی مخالفت کی ایک وجہ یہ ہے کہ مخالفین چاہتے ہیں ملک ترقی نہ کرے، وہ دراصل عام آدمی کی ضرورت کا مذاق اڑا رہے ہیں، قیمتی گاڑیوں اور جہازوں پر بیٹھنے والے عام آدمی کی ضروریات کے بارے میں کیا جانیں؟ 2017ء کے آخر میں اورنج لائن میٹرو ٹرین مکمل ہونے پر روزانہ ایک طرف سے دوسری جانب ڈھائی لاکھ افراد سفر کریں گے۔ میٹرو بس پر روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد سفر کرتے ہیں، آسان شرائط پر قرضہ دیا گیا جو 20 سال میں ادا کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جین مندر اور دیگر علاقوں کے مکینوں کو ملکیتی دستاویزات مکمل نہ ہونے کے باوجود ادائیگی کی جا رہی ہے، سیاسی بونے غریب آدمی کو بہلا پھسلا کر استعمال کرنے میں ناکام ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے ، مفاد عامہ کے منصوبوں کو شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ عام آدمی کی حالت بدلنے کے منصوبوں کی مخالفت صرف مٹھی بھر عناصر کر رہے ہیں جنہیں عوام نے عام الیکشن کے بعد بلدیاتی انتخابات میں بھی بری طرح مسترد کر دیا تھا۔ بلاجواز تنقید کی کوئی پرواہ نہیں، عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شفاف پالیسیوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہا ہے۔ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوا جبکہ موجودہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کی بدولت پاکستان پر عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ،ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا اور ذاتی تجوریاں بھری گئیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوٹ مار کے کلچر کو دفن کر دیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرکے ہر سطح پر بنیادی جمہوری اداروںکو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل ان کی دیلیز پر حل ہو ں اورانہیں روزمرہ کے معمولی کاموں کیلئے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے چھٹکاراحاصل ہو سکے۔ انہوںنے یہ بات اسلام آباد میں نو منتخب میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ شہباز شریف نے کہاکہ پنجاب میں عوامی بھلائی اور دیہی و شہری علاقوںکی یکساں ترقی کی متعدد میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی عوامی اعتماد کا مظہر ہے اوراس کی بڑ ی وجہ یہ ہے کہ حکومت کی تمام تر پالیسیوں اورمنصوبہ بندی کا محور و مرکز عام آدمی کی بھلائی اور مشکلات دورکرنا ہیں۔چیئرمین میٹرو بس پراجیکٹ حنیف عباسی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں راولپنڈی میں جاری انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور دیگر منصوبوںپر کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ سے سابق گورنر خیبر پی کے اور مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سردار مہتاب خان عباسی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ کے چیف فوٹو گرافر اعجاز حسین لاہوری کے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ ایگزم بنک چائنہ نے اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ کی توثیق کر دی ،فنڈز کی فراہمی کی تصدیق بھی کر دی گئی۔ زعیم قادری نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایگزم بنک چائنہ کی طرف سے فنڈز کی فراہمی کی تصدیق خوش آئند ہے۔