• news

ایڈووکیٹ جنرل کی عدم تعیناتی پر پنجاب بار کا کل ہڑتال کا اعلان

لاہور (وقائع نگار خصوصی)پنجاب بار کونسل نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم تعیناتی پر کل (25فروری) کو پورے پنجاب میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دن وکلاء پنجاب بھر کی عدالتوں میں پیش نہیں ہو ں گے ۔ چیئر پرسن پنجاب بار کونسل مسز فرح اعجاز بیگ کی سربراہی میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں جمیل اصغر بھٹی، منیر حسین بھٹی، ملک سرود احمد، شاہنواز اسماعیل گجر، عبدالصمد خان بسریا، رانا سیف اللہ، رانا محمد اکرم خان، رانا انتظار حسین، دائود احمد وینس، جام محمد یونس، ملک غلام عباس نسوآنہ اور آغا فیصل ممبران پنجاب بار کونسل نے شرکت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم موجودگی کی بناء پر پنجاب بار کونسل کا الیکشن التوا کا شکارہے۔ صوبہ پنجاب کے تمام وکلاء کے کام الیکشن کے نہ ہونے اور پنجاب بارکونسل کے وائس چیئرمین و چیئرمین ایگزیکٹیوکمیٹی اور کمیٹیوں کے فعال نہ ہونے کی وجہ سے وکلاء کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور پنجاب بار کونسل کو بھی آئینی بحران کا سامنا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی فوری تعیناتی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن