ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ آج شروع بنگلہ دیش پہلا میچ کھلیں گے
لاہور (سپورٹس رپورٹر)ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ باقاعدہ (آج) بدھ سے بنگلہ دیش میں شروع ہوگا۔ ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد کیلئے بنگلہ دیش میں تمام تر تیاریاں مکمل ہوگئیں ہیں، پہلا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا، میگا ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت اور متحدہ عرب امارات شامل ہے۔ افغانستان، ہانگ کانگ، عمان اور یو اے ای کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیل چکی ہیں جن میں سے یو اے ای نے ایشیا کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 27 فروری کو اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں 2 مارچ کو بنگلہ دیش جبکہ 4 مارچ کو سری لنکا کے خلاف میچ کھیلے گی۔ ایشیا کپ آج شروع ہوگا اور 6 مار چ کو ختم ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ایشیا کپ میں27 فروری کو اور پھر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 19مارچ کو دھرم شالہ بھارت میں ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گی۔ بنگلہ دیش میں ہونے والا ایشیا کپ مجموعی طور پر 13واں اور بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والا پانچواں ٹورنامنٹ ہوگا۔ بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والا ایشیا کپ پہلی دفعہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کا ہوگا جس کی وجہ سے ایشیا کپ کی ٹیموں کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا ۔ ایشیا کپ کے تمام میچز شیر بنگال سٹیڈیم میر پور بنگلہ دیش میں ہوں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلئے آج روانہ ہو جائے گی۔