• news
  • image

گھوڑا بے مہار

پچھلے مضمون کے تسلسل میں اس دفعہ میرا ارادہ تو یہ لکھنے کا تھا کہ کس طرح ملکی مفاد کا نعرہ لگانے والے ہمیں اور ہماری آنیوالی آئندہ نسلوں کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے میں مصروف ہیں اور یہ آئی ایم ایف ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح کیسے ایک اژدہے کی شکل میں ہمارے ملک کو نگلنے کی تیاریاں کر رہا ہے لیکن پچھلے دنوں اچانک وزیراعظم نواز شریف کے اس بیان نے کہ نیب کے ادارے کے کچھ لوگ اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے شریف لوگوں کے گھروں میں گھس کر اْنہیں پریشان کرنے کے چکروں میں مصروف ہیں دوسرے بہت سے لوگوں کی طرح مجھے بھی وطیرہ حیرت میں مبتلا کر دیا کہ وہ کونسے عوامل ہیں جنھوں نے وزیراعظم کو اس حد تک مجبور کر دیا کہ اْنھیں اس قسم کا بیان دینے کی ضرورت پیش آئی لہذا موقع کی نزاکت کی مطابقت سے میں نے یہ محسوس کیا کہ قومی اہمیت کے اس اہم مسئلے پر قلم آرائی کو اپنی ترجیحات میں شامل کروں
اس سلسلے میں سرِدست اقتدار کی راہداریوں میں جو تذکرے سننے کو مل رہے ہیں انکے مطابق نیب کا تناور درخت کچھ اسطرح زور پکڑ رہا ہے کہ اسکی کچھ شاخیں وزیراعظم ہاوس کی دیواروں پر چڑھنے کے راستے ڈھونڈنے لگی ہیں اور وزیراعظم ہاوس کے مکینوں کو یہ خطرات لاحق ہونے لگے ہیں کہ کہیں اکاس بیل کی طرح یہ شاخیں انکے اقتدار کو نگل نہ لیں بقول انکے اسی لئے شائد وزیراعظم کو یہ ضرورت پیش آئی ہے کہ وہ شریفوں کے گھروں کا ذکر کریں کیونکہ انکے نزدیک پاکستان میں ان سے بڑھکر اور کوئی شریف نہیں
یوں تو جس دن سے پاکستان معرضِ وجود میں آیا ہے اس دن سے اب تک لا تعداد المیے ہماری زندگیوں کا طواف کرتے نظر آتے ہیں لیکن اْن میں سے چند ایک ایسے ہیں جو روزِاول سے سرطان کی طرح ہمارے رویوں میں سرائیت کر چکے ہیں جن میں سرِفہرست ایک المیہ یہ بھی ہے کہ کوئی بھی سماجی ، معاشرتی ، مذہبی مسئلہ ہو یا قومی اہمیت کا کوئی اور معاملہ ان پر ہماری رائے ہمیشہ ہماری خواہشوں کی اسیر نظر آتی ہے ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بیجا تعریف یا غیر ضروری تنقید کے رویئے کس طرح خود ہمارے تشخص کو مجروح کرتے ہیں۔
وزیراعظم کی جاری پالیسیوں کے ناقدین کی فہرست پر ایک نظر ڈالوں تو بڑے فخر کے ساتھ میں اپنے اپ کو اْن خوش نصیبوں کے قبیلے کا ایک فرد پاتا ہوں جو انتہائی دیانتداری سے مثبت تنقید کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں لیکن انتہائی معذرت کے ساتھ مجھے یہ کہنا پڑے گا کہ بعض اوقات تنقید کرتے وقت ہمارے بعض دوست یہ بھول جاتے ہیں کہ دراصل ہمارا اسلوب ہی ہمارے قلوب کی عکاسی کر رہا ہوتا ہے اور ہم اس حقیقت سے بے نیاز کہ سننے اور دیکھنے والے ہمارے اپنے متعلق کیا تاثر قائم کرینگے ہم اپنے اندر پلتے بْغض کو بے نقاب کرنے میں تامل نہیں برتے
وزیراعظم کے اس بیان پر ہونیوالی تنقید بھی کچھ اسی طرح کے شواہد اپنے دامن میں لپیٹے اہل دانش کو فکر کی ایک دعوت دے رہی ہے کہ کس طرح ہم قومی اہمیت کے بے شمار مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ہم اپنی پسند اور نا پسند کے دائروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔ اصولی طور پر وزیراعظم کے بیان پر کسی قسم کی لب کشائی سے پہلے ہمیں یہ جائزہ لینا چاہیے کہ نیب کے ادارے کا وجود کیسے اور کب عمل میں ایا۔ اسکے قیام کے کیا مقاصد تھے۔ اپنے قیام کے بعد اسکی کیا کارکردگی رہی۔ اسکے وجود نے بحیثیت مجموعی ملکی معاشی صورتحال پر کونسے مثبت اور کونسے منفی اثرات چھوڑے اور سب سے بڑھکر کیا یہ ادارہ اپنے طے کردہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب بھی ہو سکا ہے کہ نہیں۔
یہ حقیقت ہر خاص و عام پر عیاں ہے کہ اس ادارے کا قیام ایک ڈکٹیٹر جنرل مشرف کے ہاتھوں ہوا جسکے ابتدائی اغراض و مقاصد ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانا تھے۔ ازحد افسوس کے ساتھ یہاں عرض کروں کہ پوری دنیا میں وسائل کا استعمال اس بات پر ہوتا ہے کہ بدعنوانی کو ہونے سے پہلے ہی کیسے روکا جائے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں توجہ اس بات پر مرکوز ہوتی ہے کہ پہلے بدعنوانی ہونے دو پھر دیکھیں گے کہ اسکے نتیجے میں لوٹی ہوئی دولت کیسے واپس لانی ہے جسکا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اصل سے زیادہ ہم اس اصل کی بازیابی پر خرچ کر دیتے ہیں اس سلسلے میں آصف علی زرداری کے مقدمات اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے شروع کے دنوں میں اس ادارے نے جنرل امجد کی سربراہی میں بڑی مستعدی سے کام شروع کیا لیکن پھر ایک ایسی فائل سامنے آئی جس پر پیشرفت جنرل مشرف اور جنرل امجد کے درمیان وجہ تنازعہ بن گئی اور جنرل امجد نے اپنے اصولی موقف پر قائم رہتے ہوئے چیئرمین نیب کے عہدے کو چھوڑنے میں اپنی عظمت سمجھی۔ اس واقع کا ذکر میں نے اس لئے ضروری سمجھا کہ قارئین کو پتہ چل سکے کہ ادارے کمزور نہیں ہوتے البتہ انکو کنٹرول کرنے والوں کا کردار انکو کمزور کرتا ہے۔ تاریخ کی ورق گردانی کریں تو سب سے پہلے جوسیاسی لیڈر نیب کے کردار کو زیرِبحث لایا وہ قاف لیگ کا صدر چوہدری شجاعت حسین تھا اسکے پیچھے چوہدری صاحب کی دلیری کا عمل دخل تھا یا انکا وہ ذاتی تجربہ جسکے نتیجے میں وہ نون لیگ سے علیحدگی اختیار کر کے قاف لیگ کے بانی بنے تھے یہ راز خدا سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ لہذا اگر میاں نواز شریف اس ادارے کے کچھ لوگوں کی کارکردگی کو زیرِبحث لانا چاہتے ہیں تو یہ کوئی اچنبھے کی بات نہیں البتہ میاں صاحب کی طرف سے جس وقت پر یہ تنقید سامنے آئی ہے اور جن الفاظ کا چناؤ کیا گیا ہے وہ یقیناً اپنے اندر کچھ سوالات لپیٹے ہوئے ہیں۔ یقیناً اگر میاں صاحب انہی تحفظات کا اظہار اپنی حکومت کے ابتدائی دنوں میں کر دیتے تو شائد انکی نیک نیتی اتنے سوالات کی زد میں نہ آتی ۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ میاں صاحب کے ساتھ ساتھ دیگر سیاسی شخصیات کے علاوہ اقتصادی محاذ پر بھی بڑے پیمانے پر ایسے تحفظات کا اظہار دیکھنے کو مل رہا ہے جو اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہر خاص و عام کے خدشات دور کرنے کیلیئے نیب کے کردار اور اسکے طرز عمل کے حوالے سے ایک واضع حکمت عملی ترتیب دی جائے کیونکہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ جن معیشتوں پر خوف کے سائے ہوتے ہیں وہ زیادہ پھلتی پھولتی نہیں۔ اس لیے میاں نواز شریف اس حوالے سے اگر اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں لانا چاہتے ہیں یا کسی اور فورم کا انتخاب کرتے ہیں تو ہمیں بغیر کسی بغض کے اس بحث کو ویلکم کرنا چاہیے تاکہ میاں صاحب نے نیب کے متعلق جس بے مہار گھوڑے کا تاثر چھوڑا ہے اسے ہر دؤ لگام پڑ سکے
نیب کے کردار کا تعین کرتے یہ یاد رہے ادارے کبھی برے نہیں ہوتے اور نہ ہی اْنکا عملہ برا ہوتا ہے اگر اداروں کی پالیسیاں مرتب کرنیوالے اور اْنہیںکنٹرول کرنیوالے نیک نیت اور مخلص ہوں اور سب سے بڑھکر اگر ان اداروں میں خود احتسابی کا نظام موجود ہو تو میں یہ یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہمیں نیب جیسے ادارے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔

طارق امین۔۔۔۔ تیسری آنکھ

طارق امین۔۔۔۔ تیسری آنکھ`

epaper

ای پیپر-دی نیشن