مہاراشٹر :شیو سینا بجرنگ دل کے غنڈوں کا مسلمان سب انسپکٹر پر عام تشدد داڑھی مونڈنے کی کوشش
ممبئی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع لاتر میں شیوسینا اور بجرنگ دل کے غنڈوں نے باریش پولیس سب انسپکٹر کو محض مسلمان ہونے کی بنا پر سربازار رسوا کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور شدید زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاتر کے علاقے میں مراٹھا راجہ شیواجی کے یوم پیدائش پر 200 کے لگ انتہاپسند ہاتھوں میں زعفرانی جھنڈے اور ڈنڈے لئے تھانہ پنگائون کے سامنے جمع ہوکر نعرے بازی کرنے لگے اور چوک میں زعفرانی جھنڈا لگا دیا۔ قریب ہی تھانہ کے ایس اے آئی محمد یونس شیخ نے انہیں حساس علاقے ہونے کی وجہ سے ایسا کرنے سے روکا تو انہوں نے یونس پر حملہ کردیا، اسکی داڑھی صاف کرنے کی کوشش کی اسے ہندوئوں کے مقدس رنگ زعفرانی کا جھنڈا زبردستی پکڑا کر علاقے کی گلیوں میں چکر لگوائے وہ اسے ڈنڈوں سے مارتے اور جے بھوانی، جے شیواجی کے نعرے لگواتے رہے اور بے ہوش ہونے پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ریاستی وزیراعلیٰ دیویندر فیدناک نے اس واقعہ کو شرمناک اور پولیس فورس پر حملہ قرا دیتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے جبکہ ریاستی وزیر داخلہ رام شندے کے مطابق 16 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ محمد یونس شیخ کو گہرے زخم آئے، انکا ہسپتال میں علاج ہورہا ہے، 30 ٹانکے لگائے گئے۔