• news

گلوبل فنڈ ٹی بی، ملیریا، ایڈز کے خاتمے کیلئے ساڑھے 25 کروڑ ڈالر فراہم کریگا، معاہدہ طے

اسلام آباد (آئی این پی) وزارت صحت پاکستان اور گلوبل فنڈ کے درمیان صحت کے شعبے میں اصلاحات اورموذی امراض پر قابو پانے کیلئے 25کروڑ50لاکھ ڈالر امداد کی فراہمی کا فریم ورک معاہدہ طے پا گیا، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ فنڈ سے مختلف قسم کی بیماریوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزارت صحت اور گلو بل فنڈ کے درمیان فریم ورک معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت گلوبل فنڈ پاکستان کوٹی بی، ملیریا اور ایڈزپرقابوپانے کیلئے 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دے گا اور یہ رقم 3 سال میں فراہم کی جائے گی۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ صحت کے شعبے میں گلوبل فنڈ پاکستان کو امداد فراہم کررہا ہے اور اس امداد سے مختلف بیماریوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ گلوبل فنڈ کی صحت کے شعبے میں امداد پر شکرگزار ہیں، یہ اہم معاہدہ ہے جس سے صحت پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر گلوبل فنڈ کے نمائندے نے کہا کہ اقوام متحدہ اور گلوبل فنڈ پاکستان میں صحت کے شعبہ میں تعاون کیلئے پرعزم ہے، معاہدے سے گلوبل فنڈ اور پاکستان میں تعلقات فروغ پائیں گے، خوشی ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن