خطے میں روایتی ایٹمی ہتھیاروں کے مسلسل اضافے پر تشویش خطرے کامئوثر جوابات دیا جائیگا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے نگہبان ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے قرار دیا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی ڈیٹرنس علاقہ میں استحکام کا سبب ہے اور خطہ میں پائیدار امن اور ترقی و خوشحالی کیلئے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈ اتھارٹی کا 22واں اجلاس وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہوا۔ وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وفاقی وزیر داخلہ، مشیر خارجہ، معاون خصوصی برائے خارجہ امور، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے تینوں سربراہان اور ایس پی ڈی کے ڈی جی سمیت دیگر سینئر فوجی حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ علاقہ میں روایتی اور ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے خطہ کے امن و استحکام پر مرتب ہونے والے مضر اثات پر تشویش کا اظہا کیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ملکی سلامتی کو لاحق خطرات کا جواب دینے کیلئے ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر تمام تر اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اتھارٹی نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی ڈیٹرنس، خطہ میں استحکام کا اہم عنصر ہے۔ شرکاء نے کم از کم ایٹمی ڈیٹرنس کی پالیسی کے تحت فل سپیکٹرم ڈیٹرنس برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا موثر جواب دیا جائے گا۔ شرکاء نے مختلف میزائلوں کے حالیہ کامیاب تجربات پر سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ ایٹمی تنصیبات کے لئے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے خطہ میں سٹریٹجک امور میں تحمل برتنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے تمام تنازعات اور تصفیہ طلب امور کو جامع مذاکرات کے ذریعہ طے کرنے کی ضرورت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطہ میں امن اور ترقی کا دور شروع کرنے کے لئے ان مذاکرات کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ سمیت ایٹمی صنعت کے تمام معاہدوں میں شامل ہونے کیلئے تمام تقاضے پورے کرتا ہے۔ شرکاء کو اگلے ماہ امریکہ میں منعقد ہونے والی آخری نیوکلیئر سمٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ایٹمی مواد کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کے عالمی معاہدے کی توثیق کے لئے اب تک کی کارروائی کی تفصیلات سے بھی اتھارٹی کو آگاہ کیا گیا۔ اتھارٹی نے اس معاہدہ کی توثیق کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ اس موقع پر کہا گیاکہ ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے پاکستان ایٹمی تحفظ اور ایٹمی عدم پھیلائو کے انتظامات میں پرجوش حصہ لیتا رہے گا۔اے این این کے مطابق نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے قابل اعتماد جوہری صلاحیت برقرار رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہاکہ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا موثر جواب دیا جائے گا۔