وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں پاکستان کیخلاف بھارت کو فیورٹ قرار دیدیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایشیا کپ ٹی ٹونٹی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کیلئے بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔پاکستان اور بھارت 27 فروری کو ڈھاکہ میں مدمقابل ہوں گے۔سابق کپتان نے کہا کہ حالیہ کارکردگی اور فارم کی وجہ سے بھارت کو پاکستان پر معمولی برتری حاصل ہے۔یہ ایک اچھا میچ ہو گا اور بھارتی ٹیم کی حالیہ فارم اور ان کے کھیل کو دیکھتے ہوئے وہ میچ کیلئے فیورٹ ہو سکتے ہیں۔ایشیا کپ شرکت کرنے والی ٹیموں کیلئے یہ ایونٹ بھارت میں آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کی تیاری کا ایک اچھا موقع ثابت ہو گا۔ گزشتہ ایڈیشنز کے ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپیئنز میں سے تین اس ایونٹ میں شریک ہوں گی لہٰذا یہ بات بھی اپنے آپ میں ایونٹ کی دلچسپی میں اضافہ کرنے کیلئے کافی ہے۔ اپنی سرزمین پر بنگلہ دیشی ٹیم ایک انتہائی مشکل سائیڈ ہے اور اسے ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اس ایونٹ سے تمام ٹیموں کو ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے بہترین کامبی نیشن تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔