• news

کریک ڈاﺅن جاری، بچوں سمیت 24 افراد گرفتار‘ 13ہزار پتنگیں‘ ڈور برآمد

لاہور (نامہ نگاران+ نمائندگان) پولیس کا پتنگ بازوں اور دکانداروں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے، مختلف شہروں میں کارروائی میں بچوں سمیت 24 افراد گرفتار 13ہزار سے زائد پتنگیں اور ڈور برآمد کرلی۔ قصور میں تھانہ کھڈیاں پولیس نے پتنگ بازوں اور گڈی ڈور بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار 2085 پتنگیں‘ بھاری مقدار میں ڈور اور آلات برآمد کرلئے۔ 5ملزمان میں عبدالعزیز، محمد حسین، وہاب، ذوالفقار اور محبوب شامل ہیں۔ دریں اثناءشرقپور پولیس نے پتنگ بازی کرنے والے بچوں کے گھر میں چھاپے مار کر ارشد، اشفاق، علی حسنین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا اور ان سے پتنگیں ڈور برآمد کرلی۔ خانقاہ ڈوگراں میں وقار جھیڈو کو گرفتار کرکے پتنگیں اور ڈور برآمد کرلی۔ دریں اثناءڈی ایس پی سرکل فیروزوالہ احسان الٰہی کھوکھر اور ڈی ایس پی مریدکے سرکل امتیاز احمد بھلی کی سربراہی میں پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف فلیگ مارچ کیا گیا۔ اس دوران پولیس نے تین پتنگ بازوں اور ایک دکاندار کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے پتنگیں اور آلات پتنگ بازی کے برآمد کرلئے۔ پولیس نے شیر احمد، زوہیب وغیرہ کے خلاف مقدمات درج کرلئے۔ بھکر میں پولیس سٹی دریا خان نے تین مقامات پر چھاپے مارتے ہوئے چھ ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کرلی۔ جھنگ میں پولیس نے نو ملزمان کوگرفتار کر لیا۔ محلہ صرافاں سے سامان پتنگ بازی لے جاتے ہوئے نسیم شاہ کو قابو میں کر کے پولیس نے اس کے قبضہ سے 300 پتنگ اور گندہ نالہ چوک سے زاہد خان کو قابو کر کے اس سے 400 پتنگ اور تین ڈور، شور کوٹ سٹی سے غلام رسول کو پکڑ کر اس کے قبضہ سے 50 پتنگ اور 50ریل ڈور برآمد کر لی۔ نزد سبزی منڈی سے عارف کو پکڑ کر اس کے قبضہ سے 315 پتنگ، سرگودھا روڈ سے عقیل کو قابو میں کر کے اس کے قبضہ سے 300 پتنگ اور پانچ عدد ڈور محلہ بلاک شاہ سے عدنان اور عثمان کو قابو میں کر کے ملزمان کے قبضہ سے 500 پتنگ جبکہ محلہ حسنانہ سے عمر خان کو سامان پتنگ بازی لے جاتے ہوئے گرفتار کر لیا اور اس کے قبضہ سے 3ہزار پتنگ برآمد کر لیں۔ نیٹ نیوز کے مطابق راولپنڈی میں پولیس نے ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کرنے والوں پر نظر رکھنے کیلئے ڈرون کیمروں کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پتنگ بازی کے حوالے سے شہر کے مشہور علاقوں میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار نگرانی کیلئے تعینات کئے جا چکے ہیں۔
پتنگ بازی

ای پیپر-دی نیشن