• news

برے وقت میں اخبار پڑھو نہ بیوی بچوں کو باہر لیکر جاﺅ: عمران کی طلبہ کو نصیحت

پشاور (نیٹ نیوز + ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جو حکمران عوام پر پیسہ خرچ نہیں کرتا وہ ترقی نہیں کرسکتا، ملک کے مسئلے تب حل ہونگے جب ملک میں انصاف قائم ہوگا، خیبرپی کے میں سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ کر رہے ہیں۔ عمران خان نے پشاور یونیو رسٹی میں طلبہ کو لیکچر دیتے ہوئے برے وقت سے نمٹنے کے نسخے بتا دئیے۔ عمران خان پشاور یونیو رسٹی میں لیکچر دینے پہنچے تو ساونڈ سسٹم خراب ہونے کے باعث عمران خان نے خود ہی ترانہ پڑھا۔ شرکاءبھی کپتان کے ساتھ ترانہ پڑھتے رہے ۔ عمران خان نے کہا انسان پر برا اور اچھا وقت آتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پر بھی برے وقت آئے، برے وقت میں صبح اٹھنے کو دل نہیں کرتا تھا۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ برے وقت میں کبھی اخبار نہ پڑھو۔ بیوی بچوں کو لیکر باہر نہ جاﺅ، برے وقت میں بیوی بھی خاموش نہیں رہتی۔ خیبرپی کے حکومت نے سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ کیا، ایشین ٹائیگر بننے سے قبل انسانوں پر پیسہ خرچ کرنا ضروری ہے، اورنج ٹرین پر پیسہ خرچ کرنے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، انسانوں پر پیسہ خرچ ہونے سے قوم ترقی کرتی ہیں۔ لیڈر ہمیشہ بڑی سوچ رکھتا ہے۔ ہال میں موجود تمام نوجوان لیڈر بن سکتے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ ہمیں کہاں کھڑا ہونا تھا کہاں کھڑے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ طالب علموں میں سے لیڈر پیدا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ لیڈر قوموں کو بلندی پر لے جاتے ہیں۔ میٹرو پر پیسہ لگانے سے بہتر ہے کہ انسانوں پر پیشہ خرچ کیا جائے، میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ پاکستان کے بغیر کہیں اور رہونگا۔ پشاور یونیورسٹی کے کانووکیشن ہال میں عمران خان نے اپنی پارٹی کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا انسا پر اچھا، برا وقت آتا رہتا ہے، ان پر بھی برا وقت آیا، لیکن اس سے نکلنے کے کچھ طریقے ہوتے ہیں۔ عمران خان نے طلبا کو مشورہ دیا کہ برے وقت میں کبھی بھی اگلے دن کا اخبار نہ پڑھو کیونکہ اخبار میں بھی آپ کو برا بھلا ہی کہا جائے گام اور اس کی سب سے بڑی وجہ حسد ہے کیونکہ جب کوئی اچھا کام کرتا ہے تو لوگ اس سے حسد محسوس کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین جن کی دونوں شادیاں میڈیا میں خبروں کی زینت بنی رہی ہیں یونیورسٹی طلبا کو لیکچر کے دوران بھی شادی کا تذکرہ کرنا نہ بھولے۔ سیاسی ناکامیوں کا ذکر کرتے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب آپ الیکشن میں ہار جاﺅ تو شادیوں میں نہ جاﺅ بلکہ بیوی بچوں کو لے کر کہیں باہر گھومنے چلے جاﺅ ساتھ ہی انہوں نے رشتہ داروں کو بھی موضوع گفتگو بنایا اور کہا پتہ نہیں ان رشتے داروں کو زخموں پر نمک چھڑکنے میں کیا مزہ آتا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ اب تو سکول کے بچے بھی ”گو نواز گو“ کے نعرے لگائے گئے ہیں۔ عمران خان نے کہا پاکستان تحریک انصاف کو کوئی ختم نہیں کر سکتا جس دن پارٹی اپنے نظریئے سے ہٹی خود بخود ختم ہو جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب کا کچھ پتہ نہیں چلتا کہ وہ کس وقت خودکش حملہ کر دیں۔ انہیں کرکٹر بننا چاہئے تھا غلطی سے وزیراعظم بن گئے۔ اورنج ٹرین پر پیسہ لگانے سے قومیں نہیں بنتیں۔ قومیں انسانوں پر پیسہ لگانے سے بنتی ہیں ، ایشین ٹائیگر بننے کیلئے ضروری ہے کہ پہلے عوام پر پیسہ لگایا جائے۔جمہوریت کیلئے دھرنا ضروری تھا، میں نے کبھی پاکستانیت کو ترک کرنے کانہیں سوچا، میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے۔ عمران خان کے دورہ پشاور کے موقع پر تاجروں کی طرف سے احتجاج کیا گیاجس میں انہوں نے ” گو عمران گو “ کے نعرے لگاتے ہوئے پشاور کو رینجرز کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ تاجروں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پشاور میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے پشاور کو رینجرز کے حوالے کیا جائے۔ احتجاج کے دوران تاجروں نے بڑی تعداد میں پلے کارڈ بھی اٹھارکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے اس کے علاوہ مظاہرین نے ” گو عمران گو“ اور ”یا ہمیں تحفظ دو، یا حکومت چھوڑ دو“ کے نعرے بھی لگائے۔
عمران/ تاجر

ای پیپر-دی نیشن