نیب کی کارروائیوں پر سیاسی دباﺅ ہے یا نہیں : ہائیکورٹ نے چیئرمین سے وضاحت طلب کر لی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کی نیب میں مبینہ مداخلت کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور چیئرمین نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔عدالت نے چیئرمین نیب سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیا نیب کی کارروائیوں میں کوئی سیاسی دباﺅ ہے یا نہیں؟جسٹس شاہد وحید نے گوہر نواز سندھو ایڈووکیٹ کے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نیب ملک بھر میں کرپشن کے خلاف سرگرم ہے اور مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے کرپٹ افراد اور بیوروکریٹس کیخلاف بھرپور کارروائی کر رہا ہے لیکن وزیر اعظم نے نیب کے بارے جو بیان دیا ہے وہ نیب کے ادارے پر دباو ڈالنے کے مترادف ہے۔ درخواست گزار کے مطابق نیب ایک آزاد اور خودمختار ادارہے. یہ وزیراعظم کے ماتحت نہیں اس طرح وزیر اعظم نواز شریف نے نیب کے بارے میں بیان دے کر نیب میں زیر سماعت مقدمات میں مداخلت کی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیراعظم کو نیب کے معاملات میں مداخلت سے روکا جائے۔
وضاحت طلب