سیاسی مفاہمت‘ وزیراعظم رواں سال چاروں صوبوں میں میگا منصوبوں کیلئے اقدامات کرینگے
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وزیراعظم محمد نوازشریف 2016ءمیں ”سیاسی مفاہمت“ کو آگے بڑھانے کیلئے چاروں صوبوں میں میگا پراجیکٹس شروع کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔صوبوں کے ساتھ مالی تنازعات حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان بجلی کے منافع کی مد میں 70 ارب کی 4سال میں ادائیگی ایک تاریخی معاہدہ ہے۔چشمہ رائٹ کینال کی تعمیر پر اتفاق سے وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا کے درمیان تنا¶ کی کیفیت کم ہوگی۔ اسی طرح وزیراعظم نوازشریف آج کراچی میں گرین لائن منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیںگے۔وزیراعظم نے مظفرآباد میں قومی صحت پروگرام کا آغاز کرکے آزاد جموں و کشمیرکے عوام کو بھی اس پروگرام میں شامل کرلیا ہے۔وزیراعظم آئندہ چند ہفتوں دنوں میں اس پروگرام کو پنجاب‘ سندھ اور خیبرپختونخوا تک بڑھائیں گے۔ذرائع نے مطابق 2016ءکے دوران چاروں صوبوں میں یکساں میگاپراجیکٹس شروع کریں گے۔ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کو میٹرو پراجیکٹ کی تعمیر میں فنی تعاون کی پیشکش کی ہے اور میٹرو پراجیکٹ میں کام کرنے والے انجینئرز کی خدمات مستعار دینے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح گرین لائن کی تعمیر کیلئے پنجاب سے انجینئرز کراچی جارہے ہیں۔
وفاق/ میگامنصوبے