کراچی: فائرنگ، پرتشدد واقعات،3 افراد جاں بحق، 2دہشت گردوں سمیت 10گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں دو خواتین سمیت تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر ڈھائی میں رو ٹ نمبر ڈبلیو 22کی میں بسوں کے سٹاپ کے نزدیک رہنے والی خاتون 30 سالہ سیف بی بی کو گھریلو جھگڑے پر اس کے شوہر ملنگ خان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ،ادھر محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں نامعلوم افراد نے گھر کے باہر کھڑے نوجوان 27 سالہ عمیر علی ولد محمد انور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،کینٹ اسٹیشن کے نزدیک واقع سارا اپارٹمنٹ کے فلیٹ سے ایک خاتون 55 سالہ سکینہ زوجہ خورشی عالم کی لاش ملی جسے تشدد کے بعد ہلاک کیا گیا تھا دریں اثناءکراچی میں حساس ادارے اور پولیس کی مختلف کارروائیوں میں 2دہشت گرد اور مختلف وارداتوں میں ملوث 8 افراد گرفتار ہو گئے ہیں۔ حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر مومن آباد کے علاقے میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر سیلکر دیا اور آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور گھر گھر کی تلاشی لی گئی ، جس کے دوران ایک دہشت گرد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لےے نامعلوم مقام پر متنقل کر دیا گیا ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور ملزم سے ایک کلو بارودی مواد ، نٹ بولڈ ، بال بیئرنگ برآمد ہوئے ہیں۔ دریں اثناءکراچی کے علاقے پھول پتی لین میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا،گرفتار ملزما ن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت نوشاد اور ذاکر کے نام سے کی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق بابالاڈلا گروپ سے ہے۔ ملزمان بھتہ خوری،ڈکیتی،راہزنی اور موٹرسائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں علاوہ ازیں پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے ٹارگٹ کلنگ ،اسٹریٹ کرائم اور بھتہ خوری جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث 6ملزمان کو گرفتا رکرلیا ہے ۔گرفتار ملزمان اپنے الگ الگ گروپ بنا کر وارداتیں کرتے تھے مزید برآں رضویہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، مقابلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا گرفتار دہشت گرد کی شناخت دانش عرف خالو کے نام سے ہوئی ہے اور تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے، دہشت گرد کا نام ریڈ بک میں شامل ہے۔
کراچی گرفتاریاں