لڑکیوں کو ملازمت کا جھانسہ دیکر بیرون ملک بیچنے کا انکشاف
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ خصوصی رپورٹر) لاہور کی رہائشی خاتون رخسانہ بی بی اپنی جوان بیٹیوں کی دبئی سے بازیابی کیلئے سیشن عدالت پہنچ گئی۔ میری جوان بیٹیوں کو نوکری کا جھانسہ دیکر دبئی فروخت کردیا گیا جبکہ ایف آئی اے مقامی ایجنٹ کو گرفتار نہیں کررہی۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال سیال نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔ صوبائی دارالحکومت مین معصوم لڑکیوں کو بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دیکر بیچنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔ اندرون شہر کی رخسانہ بی بی نے سبزہ زار کے امجد نامی شخص پر بیٹیوں رضیہ اور زرینہ کو دبئی فروخت کرنے کا الزام لگا کر سیشن کورٹ میں ایڈیشل سیشن جج کی عدالت میں اندراج مقدمے کی درخواست دائر کی کہ اسکی بیٹیوں کو امجد نے دبئی میں نوکری دلانے کیلئے تین لاکھ روپے لئے جبکہ انہیں وہاں بھجوا کر بھارتی شہری کے ہاتھ فروخت کردیا جو ان سے زبردستی جسم فروشی کا مکرو دھندہ کروا رہا ہے جبکہ لاہور پولیس کو بھی ملزم کے خلاف درخواست دی ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہورہی۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال سیال نے درخواست پر ایف آئی اے سے آج 26 فروری کو رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے اندرون شہر کی دو لڑکیوں کو ملازمت کا جھانسہ دےکر بیرون ملک بھجوانے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کانوٹس لے لےا ہے اور پی ایس او وزیراعلی برائے امن و امان حاجی نواز ملک کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ وزےراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور واقعہ مےں ملوث ملزم کیخلاف قانون کے تحت کارروائی عمل مےں لائی جائے۔
نوکری/ جھانسہ