• news

افغانستان میں پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے: سرتاج عزیز

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ پاکستان افغانستان میں طویل مدتی امن اور استحکام کی کوششوں میں اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ سرتاج عزیز سے افغانستان وولیسی جرگہ (پارلیمانی ایوان زیریں) کے وفد نے سپیکر عبدالرئوف ابراہیمی کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادارانہ تعلقات‘ مشترکہ مذہب‘ جغرافیہ‘ تاریخ اور مضبوط عوامی رابطوں پر مبنی ہیں۔ افغانستان میں امن کو دونوں ممالک کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے انہوں نے افغانستان میں طویل مدتی امن اور استحکام کی کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ عبدالرئوف ابراہیمی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ دونوں ممالک کو پارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت دیگر اقدامات کے ذریعے تعاون بڑھانے کیلئے مربوط کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان افغانستان تعلقات مذہب‘ تاریخ اور مضبوط عوامی رابطوں کے عکاس ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔ سپیکر افغان وولیسی جرگہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی منزل ایک ہے۔ ایک انٹرویو میں عبدالرئوف ابراہیمی نے کہا ہے کہ جنگ کسی بھی طرح سے افغانستان اور خطے کے مسائل کا حل نہیں۔ افغانستان اور خطے میں پائیدار امن کا قیام صرف مذاکرات اور بات چیت ہی سے ممکن ہے اور اس ضمن میں پاکستان کا کرداربہت اہم ہے۔ ہمارے خیال میں پاکستان خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ پاکستان بھی افغانستان کی طرح دہشت گردی کا شکار ہے۔ پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کر چکا ہے کہ وہ اس عمل میں ایک شراکت دار ہے اور یقین ہے ان کوششوں سے ہم افغانستان اور خطے میں استحکام اور امن دیکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن