• news

ڈاکٹر عاصم کیس میں نیب نے جو ریکارڈ مانگا دینگے: وزیر پٹرولیم

لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایران پر پابندیاں ختم ہونے کے بعد پاک، ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے سمری مشترکہ مفادات کونسل بھجوا دی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کیس کے حوالے سے تاحال نیب نے کوئی ریکارڈ نہیں مانگا، مانگا گیا تو فراہم کریں گے۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے سمری مشترکہ مفادات کونسل کو بھجواد ی ہے جس کی منظوری کے بعد ایل پی جی کی قیمتیں حکومت مقرر کرے گی،قطر سے ایل این جی کا معاہدہ دنیا کا بہترین معاہدہ ہے اور اس سے بہترکوئی معاہدہ نہیں ہوسکتا،2018ء گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال ہوگا۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا فرق عوام پر منتقل کریں گے۔ دنیا میں سب سے زیادہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان نے کم کی ہیں۔جب تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نیچے جاتی رہیں گی،حکومت ریلیف دیتی رہے گی ۔انہوں نے اعلان کیا کہ 2018ء میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائیگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر سے ایل این جی معاہدے کے نتیجے میں آنے والی گیس مقامی گیس سے سستی ملے گی۔قبل ازیں پانچ مرتبہ ایل این جی درآمدکرنے کی ناکام کوششیں کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں گیس کے 70 نئے ذخائر دریافت ہوئے۔ چار ارب کیوبک فٹ گیس کے مقابلے میں 8 ارب کیوبک فٹ مانگ ہے اور طلب و رسد کے فرق کو دور کرنے کیلئے مارچ 2018ء تک 1800 ملین مکعب کیوبک فٹ درآمدی ایل این جی قومی نظام میں شامل کی جائیگی جو مجموعی طلب کا 75 فیصد ہوگی اور اس سے گیس کے بحران سے نجات ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن