سپریم کورٹ: شیخ حارث کی درخواست ضمانت پر پنجاب بنک، نیب کو نوٹس جاری
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے بینک آف پنجاب فراڈ کیس میں شیخ حارث افضل کی درخواست ضمانت پر بینک آف پنجاب اور قومی احتساب بیورو کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے تین مارچ تک جواب طلب کیا ہے ۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جمعرات کے روز شیخ حارث افضل کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی ۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شیخ حارث افضل تمام تر مطالبات پورے کرچکے ہیں۔ زیادہ تر رقم بھی واپس ہوچکی ہے۔ کافی عرصے سے جیل میں بھی ہیں ان کی ضمانت منظور کی جائے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ دوسرے فریقین کو سن لیتے ہیں پھر اس پر فیصلہ کردینگے ۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے اور سماعت تین مارچ تک ملتوی کردی ہے۔