• news

بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر حاکمیت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے: اختر مینگل

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل کے دفاع کیلئے پہلے بھی جدوجہد کی اور اب بھی کریں گے، گوادرکی ترقی کے بلند و بانگ دعوے کرنے والے یہ بتائیں کہ انہوں نے مقامی آبادی کو اقلیت میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے کوئی قانون سازی کی ہے۔ یہ بات انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے کہی۔ سرداراختر جان مینگل نے کہا کہ ملک اور بلوچستان کے عوام کو بے شمار مسائل میں جکڑ کر انہیں کی سوچ کو محدود کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچستان کے عوام میں نفرتیں پیدا کی گئیں۔ سردار اختر جان مینگل نے کہا آبادی کی بنیاد بناکر بلوچستان کے ساحل و وسائل، گیس کو لوٹا گیا ہم اپنے ساحل و وسائل پر حق حاکمیت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمران واقعی بلوچستان کی ترقی چاہتے ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ ساحل و وسائل پر بلوچستان کے عوام کو اختیار دیں اور بلوچ عوام کو اقلیت میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے ضروری قانون سازی کریں۔ اس موقع پر لشکری رئیسانی نے کہا معاشرے کو مختلف سازشوں کے ذریعے تقسیم کیا جارہا ہے۔ ملک میں 2 پارٹیاں اقتدار کو بیچ رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن