اسلام آباد ہائیکورٹ نے انکم ٹیکس ایپلٹ ٹربیونل کو غیر قانونی قرار دیدیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے انکم ٹیکس اپیلوں کیلئے قائم ایپلٹ ٹریبونل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چیئرمین ایپلٹ ٹریبونل اور ممبرز کو فوری طور پر کام سے روکدیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے اس حوالے سے 22 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو ایپلیٹ ٹریبونل کے چیئرمین اور ممبرز کی تقرری کا عمل شروع کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایپلیٹ ٹریبونل کے چیئرمین اور ممبرز کی تقرری چیف جسٹس کی مشاورت کے بغیر کی گئی۔ ایپلٹ ٹریبونل کے چیئرمین اور ممبرز کی تقرری کا عمل چیف جسٹس آف پاکستان کی مشاورت سے 45 روز میں مکمل کیا جائے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ایپلیٹ ٹریبونل کی جانب سے اب تک دیے گئے فیصلوں کو قانونی تحفظ حاصل ہو گا۔ عدالت عالیہ نے پاکستان آئل فیلڈ اور دیگر پٹیشنرز کی ایپلیٹ ٹریبونل کے خلاف درخواستیں منظورکرتے ہوئے یہ فیصلہ جاری کیا ہے۔
ایپلیٹ ٹربیونل