• news

پنجاب اسمبلی زن مریدوں کا گھر ہے: سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن کیخلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی گئی

کوئٹہ+ لاہور (آن لائن+ خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی زن مریدوں کا گھر ہے۔ اسلام میں آزادی کا تصور بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں مشرف کے دور میں مسترد کردہ بل پاس کروا لیا ہے۔ یہ بل خواتین کو مادر پدر آزادی دینے کے مترادف ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا ہماری بہن بیٹی آدھی رات کو گھر واپس آئے تو باپ یا بھائی اس سے پوچھ نہیں سکتا اور کوئی عورت غلط کام کر رہی ہو تو مرد کا پوچھنا قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔ دریں اثنا پنجاب اسمبلی میں مولانا فضل الرحمن کیخلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی گئی۔ تحریک استحقاق حکومتی رکن طاہر جمیل نے جمع کرائی۔ تحریک استحقاق میں کہا گیا کہ فضل الرحمن کا ارکان کو زن مرید کہنے سے استحاق مجروح ہوا۔ فضل الرحمن کو پنجاب اسمبلی کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن کا بیان پورے ایوان کی توہین ہے۔ فضل الرحمن نازیبا الفاظ پر ارکان اسمبلی سے معافی مانگیں۔
زن مرید

ای پیپر-دی نیشن