• news

سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہ ہونے کے باعث لوگ آمروں کو اچھا سمجھتے ہیں : عمران

اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ)عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی پارٹیوں میں جمہوریت نہیں, اس لئے لوگ ڈکٹیٹروں کو اچھا سمجھتے ہیں، سیاسی پارٹی کا نظریہ ختم ہو جائے تو پارٹی بھی ختم ہو جاتی ہے،پہلے پارٹی الیکشن میں ہمیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جب تک اپنے نظریے پر قائم ہے تب تک یہ پارٹی ختم نہیں کی جا سکتی، دوسرے پارٹی الیکشن کو بہتر طریقے سے منعقد کریں گے۔ پرویز مشرف نے بلدیاتی انتخابات کروا کے اچھا کام کیا مگر سیاسی پارٹیوں نے 7سال تک بلدیاتی انتخابات ہی نہیں کروائے۔ خیبرپی کے کی پولیس غیر سیاسی ہے جبکہ پنجاب میں پولیس میں سیاسی اثر ورسوخ ہے اور اسے لوگوں کو تنگ کرنے کےلئے استعمال کیا جاتا ہے، خیبرپی کے میں میرٹ پر بھرتیاں ہو رہی ہیں۔عوام کو انصاف کے حصول کےلئے تھانوں کے چکر نہیں کاٹنے پڑتے۔ سب سے پہلے عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیتا ہوں۔غربت ختم کرنی ہے تو کسانوں کے اوپر انویسٹمنٹ کرنی ہو گی، مجھے اقتدار کی بھوک نہیں ہے، میں اپنے ملک اور لوگوں کےلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ 200 ارب روپے قرض لے کر اورنج لائن ٹرین بنائی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں عمران نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پاکستان میں ہی تیار کیا جانیوالا یوریا درآمد شدہ یوریا سے 250 روپے مہنگا بیچ کر کسانوں کو 30 ارب کا ٹیکہ لگایا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت گیس، بجلی اور ڈیزل پر اضافی ٹیکس لگا کر عوام پر ظلم کررہی ہے۔ ایک طرف قرض لیکر آئندہ نسلیں گروی رکھ رہے ہیں تو دوسری طرف کرپشن اور ٹیکس چوری کرکے اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ تین برس میں پاکستانیوں نے دبئی میں 6.6 ارب ڈالر یعنی 700 ارب روپے مالیت کی جائیدادیں بنائی ہیں۔ دبئی کے لینڈ ریکارڈ کے مطابق صرف 2015 ءمیں پاکستانیوں نے 2 ارب ڈالر سے زائد کی جائیدادیں خریدی ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف 30 سالہ پرانے منصوبے کو نیا لباس پہنا کر عوام کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گرین لائن میں منصوبے کی لمبائی کے حوالے سے وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے موقف میں تضاد ہے۔ علاوہ ازیں عمران سے اداکارہ وینا ملک نے اپنے شوہر اسد خٹک کے ساتھ بنی گالہ میں ملاقات کی ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کے مطابق وینا ملک نے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی وینا ملک کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر کوئی بات نہیں ہوئی وینا ملک کے شوہر اسد خٹک نے اپنے تیار کردہ ترانے عمران خان کو سنائے اور تحریک انصاف کیلئے ترانہ لکھنے کی خواہش ظاہر کی۔

ای پیپر-دی نیشن