دانش سکول میانوالی ہاسٹل میں غریب بچی زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئی‘ کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی: حکومتی رکن انعام نیازی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن انعام اللہ نیازی نے نقطۂ اعترا ض پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دانش سکول میانوالی کے ہاسٹل میں 8 سالہ غریب بچی زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہو گئی لیکن اسکے باوجود انتظامیہ کے کان پر جوں رینگی اور نہ کسی کیخلاف کوئی کارروائی کی گئی۔ سپیکر رانا محمد اقبال نے وزیر تعلیم رانا مشہود سے کہا کہ اس پر توجہ کریں جس پر انعام اللہ نیازی نے کہا کہ وہ اپنے بھائی رانا ثنا اللہ کی توجہ چاہتے ہیں اور میں اپنی گزارش انکی خدمت میں پیش کرنا چاہتا ہوں کیونکہ وہ شیڈو وزیر اعلیٰ بھی ہیں۔ علاوہ ازیں اجلاس میں حکومت کیلئے سرکاری کارروائی چلانے کیلئے کورم پورا کرنا مشکل ہو گیا۔ ارکان اسمبلی، وزراء اور اسمبلی سیکرٹریٹ سٹاف ایک ایک رکن کو ڈھونڈا ڈھونڈ کر لاتے رہے۔ ایک موقع پر حکومت کو 93 کی تعداد کو پورا کرنے کیلئے 2 ارکان کی ضرورت تھی تو اسی دوران حکومتی بنچوں سے تعلق رکھنے والے بھاری بھرکم رکن عرفان دولتانہ ایوان میں داخل ہوئے تو کسی نے آواز لگا دی ’’لو 96 ہو گئے‘‘ جس پر پورے ایوان میں قہقہے بلند ہوئے۔