قصور میں وکیل پر قاتلانہ حملہ کیخلاف لاہور بار کی ہڑتال
لاہور( اپنے نامہ نگار سے)قصور میں وکیل پر قاتلانہ حملہ کے خلاف گزشتہ روز لاہور بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کرکے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جس کے باعث لاہور کی ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت23 ہزار سے زائد مقدمات و دعویٰ جات التوا کا شکار ہوئے۔25 فروری کو قصور کے ایک وکیل پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔ پنجاب بار کونسل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وکلاء کو ہڑتال کرنے کی کال دی تو لاہور بار ایسوسی ایشن نے اس پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ روز ہڑتال کی جس کی وجہ سے لاہور کی ماتحت عدالتوں سیشن کورٹ، سول کورٹس، ڈرگ کورٹس، فیملی کورٹس، گارڈین کورٹس،احتساب کورٹس، منشیات کی خصوصی عدالت، انسداد دہشت گردی کورٹس، بینکنگ کورٹس، انٹی کرپشن کورٹس، لیبر کورٹس، ضلع کچہری، ماڈل ٹائون کچہری اور کینٹ کچہری میں زیر سماعت 23 ہزار سے زائد مقدمات و دعویٰ جات التوا کا شکار ہوئے ہزاروں کی تعداد میں سائلین مرد و خواتین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف مقدمات ملوث ڈیڑھ سو سے زائد ضمانت قبل از گرفتاری پر رہا ملزمان کو مزید مہلت ملی۔ گزشتہ روز جیلوں سے عدالتوں میں پیشی کیلئے لائے جانیوالے تقریباً 400 سے زائد ملزموں کے مقدمات میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی جبکہ ہائیکورٹ بار کے الیکشن کی وجہ سے ماتحت عدالتوں میں آج بھی ہڑتال کا سماں نظر آئیگا۔