• news

حامد خان گروپ کے رانا ضیاعبدالرحمن4229 ووٹ لیکر لاہور ہائیکورٹ بارکے صدر منتخب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سا لانہ انتخابات میں غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار رانا ضیاء عبد الرحمن نے عاصمہ جہانگیر گروپ کے رمضان چوہدری کو شکست دے دی۔ رانا ضیاء عبد الرحمن نے4229جبکہ رمضان چوہدری نے3795ووٹ حاصل کئے۔ نائب صدرکے عہدے پر سردار طاہر شہباز خان نے 2065 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے امیدواروں میںچوہدری محمد سلیم نے1501، راشد لو دھی نے1362، میاں وسیم احمد نے667 اور ایم آر اعوان نے1327ووٹ حاصل کئے۔ سیکرٹری کے عہدے کے لئے انس غازی نے3912ووٹ حاصل کر کے میدان مار لیا ان کے مد مقابل شر جیل عدنان شیخ 3053ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ فنانس سیکرٹر ی کی سیٹ سید اسد بخاری نے 3721ووٹ حاصل کر کے جیت لی۔، خاتون وکیل دیبا خان نے2547ووٹ حاصل کئے۔پولنگ صبح نو بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں چار پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے۔ بار کا الیکشن صرف بائیومیٹرک سسٹم پر ہوا۔ بار بائیومیٹرک سسٹم پر پولنگ کے لئے 65 مشینیں نصب کی گئیں۔ نو منتخب صدر رانا ضیاء عبد الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ بار اور بنچ کے تعلقات کو مثالی بنائیں گے۔ اور وکلاء کمیونٹی کے مسائل حل کریں گے۔انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کامیاب امیدواروں کے ووٹرز اور سپورٹر نے نتائج کا اعلان ہوتے ہی جشن منایا اور بھنگڑے ڈالے۔ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ انتخابات کے موقع پر ہائیکورٹ میں تمام گیٹوں پر واک تھرو گیٹ لگا کر دو مقامات پر وکلاء کو چیک کیا گیا۔ وکلاء کے سوا کسی شخص کو ہائیکورٹ کی حدود میں جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری ہائیکورٹ کے اندر اور باہر تعینات رہی۔

ای پیپر-دی نیشن