مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس‘ ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی تحقیقات کرنے والی ایف آئی اے کی کمیٹی نے کل اجلاس طلب کر لیا ہے، ایڈیشنل ڈی جی واجد ضیاء کی سربراہی میں قائم کمیٹی، سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو شامل تفتیش کرنے یا نہ کرنے‘ سات مارچ کو خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت سے متعلق جواب تیار کرے گی۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سنگین غداری کیس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کا اہم اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں سپریم کورٹ کی طرف سے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور سابق وزیر قانون زاہد حامد کو شامل تفتیش کرنے کے خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے معاملے پر غور کیا جائے گا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں خصوصی عدالت کے لئے جواب تیار کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو شامل تفتیش کرنے کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا اور انہیں شامل تفتیش کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ شوکت عزیز نے گزشتہ ماہ بیان ریکارڈ کرانے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن حکومت کی طرف سے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ ملنے پر ایف آئی اے ٹیم شوکت عزیز کا بیان ریکارڈ نہ کر سکی۔